جن آکروش ریلی : وزیر اعظم مودی کی تقریر سننے کے بعد سچ ڈھونڈنے میں لگ جاتے ہیں لوگ : راہل گاندھی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 29-Apr-2018

نئی دہلی :قومی راجدھانی دہلی کے گاندھی میدان میں کانگریس کی جن آکروش ریلی جاری ہے ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر جم کر نشانہ سادھا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی صرف وعدے ہی کرتے ہیں ، کوئی کام نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ریلی میں شامل ہونے والے ایک ایک آدمی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ ہندوستان عقیدت کا ملک ہے اور عقیدت کا ملک سچ کی زمین پر کھڑا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم ایک کے بعد ایک تقریر کرتے ہیں ، کوئی نہ کوئی وعدہ کرجاتے ہیں ، کسانوں کی بات ہوتی ہے، مگر سچائی نہیں ہوتی ہے۔ ہندوستان مندروں ، مسجدوں اور چرچ کا ملک ہے ۔ مذہبی ملک ہے ۔ جب ہم سب مندر میں مسجد میں اوور چرچ میں ہاتھ جوڑتے ہیں ، توہم سچ کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہیں۔ ہندوستان کے عوام سچ کے سامنے سر جھکاتے ہیں ۔ یہ ہماری سچائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم کی تقریر سن کر لوگ سچائی ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مودی جی آتے ہیں ، کرناٹک میں بدعنوانی کے خلاف تقریر کرتے ہیں ، اسٹیج پر ان کے ساتھ یدی یورپا بیٹھے ہیں ، جو خود جیل جا چکے ہیں، دوسری طرف چار وزرا بیٹھے ہیں ، وہ بھی جیل جا چکے ہیںاور درمیان میں وزیر اعظم مودی جی کہتے ہیں کہ وہ بدعنوانی کے خلاف بات کرتے ہیں۔

قبل ازیں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ مودی جی نے کہا تھا کہ نہ کھاوں گا نہ کھانے دوں گا ، لیکن بدعنوانی میں اضافہ ہوا ہے ۔ آج ملک میں جھوٹ اور ناانصافی کا بول بالا ہے ۔جس نے بعد خلاف آواز اٹھائی ، اسے مودی حکومت کے غصہ کا شکار ہونا پڑا ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا مودی حکومت پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں ہماری بچیاں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ہماری گنگا جمنی تہذیب کو ختم کرنا چاہتے ہیں ، ہم ان کا مقابلہ کریں گے۔

کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی قیمتوں سے عام عوام پریشان ہیں ۔ لگاتار قیمتیں بڑھ رہی ہیں ، حکومت نے قیمتیں کم کرنے کا وعدہ کیا تھا ، وعدہ پورا نہیں ہوا۔ کانگریس کی جن آکروش ریلی تقریبا ایک لاکھ لوگ رام لیلا میدان پہنچے ہیں۔