جیویکا اور ڈجیٹل گرین کسانوں کی آمدنی میں اضافے کیلئے کوشاں

Taasir Urdu News Bureau: Uploaded | 28 Apr 2018

 پٹنہ27اپریل(محمد فیض الدین) ڈجیٹل گرین اور جیویکا کے ذریعہ پٹنہ میںآج یک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں دونوں اداروں کے ذریعہ کئے گئے کامیاب پرو گرام پر گفتگو کی گئی۔ اس میں بہار سرکار اور دوسری ریاستوں سے آئے نمائندے، غیر سرکاری ادارے اور موضوع کےماہرین شامل ہوئے۔ ڈجیٹل گرین ایک بین الاقوامی ادارہ ہے جو بہار دیہی روزگار بخش ادارے ’جیویکا‘ کے ساتھ مل کر گذشتہ 6 برس سے کسانوں کے آمدنی کے ذرائع بڑھانے کےلئے کام کر تا ہے۔ اب تک بہار کے 38 ضلعوں کے 6 لاکھ کسانوں کو جوڑ چکا ہے۔ ڈجیٹل گرین اور جیویکا مل کر ابھی تک 570 کمیونٹی ویڈیو بنا چکے ہیں اور 5500 سے زیادہ لوگوں کو ویڈیو نشریہ کی ٹریننگ اور 9 ضلعوں میں کمیونٹی ویڈیو پرو ڈیوسر بھی تیار کیا ہے۔ جو دیہی طبقوں کو نئی نئی تکنیک اپنانے میں مدد کر تے ہیں۔ اروند چودھری دیہی ترقیات اور پنچایتی راج بہار سرکار کے سکریٹری نے کہا کہ ڈجیٹل گرین ایک ایسا ادارہ ہے جو ویڈیو کے توسط سے نئی تکنیک کی جانکاری کو بہت جلد اور بہتر طریقے سے لوگوں تک پہنچانے کا کام کر تا ہے۔ جیویکا اور ڈجیٹل گرین کی کامیابی کی اہم وجہ یہ ہے کہ دونوں ادارے کا ایک ہی مقصد ہے کسانوں کی آمدنی کو بڑھانا اور ان کی زندگی کو بہتر بنانا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ڈجیٹل گرین پنچایتی راج اور منریگا میں بھی سرکار کو تعاون دینے کا کام کرے۔ ونے کمار ریجنل ڈائریکٹر ایشیا ( ڈجیٹل گرین) نے کہا کہ جیویکا اور ڈجیٹل گرین کی پارٹنر شپ ایک مثال ہے۔ اس پارٹنر شپ کے ذریعہ ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ کمیونٹی کے لوگوں کی صلاحیت میں اضافہ کرے اور انہیں مضبوط بنائے۔