خواتین کے خلاف جرائم روکنے کےلئے بیٹوں پر بھی نظر رکھناضروری:مودی

رام نگر(منڈلا)،24اپریل (یواین آئی)ملک میں خواتین اور معصوم بچیوں سے جڑے جرائم میں اضافہ کے تناظر میں آج وزیر اعظم نریندر مودی نے بڑے پیمانے پر سماجی تحریک شروع کرنے کی ضرورت بتاتے ہوئے کہا کہ عام طورپر خاندانوں میں بیٹیوں پر تو نظر رکھی جاتی ہے ،لیکن اگر بیٹوں کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی جائے ،تو اس طرح کے جرائم بآسانی روکے جاسکتے ہیں ۔مسٹر مودی نے مدھیہ پردیش کے آدیواسی اکثریتی منڈلا ضلع کی رام نگر گرام پنچایت میں پنچایتی راج کے دن کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کیا۔یہ خطاب ملک کی سبھی تقریبا 2لاکھ 44ہزار پنچایتوں میں ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔اس موقع پر مدھیہ پردیش کی گورنرآنندی بین پٹیل ،وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان ،پنچایتی راج اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر بھی موجود تھے ۔مسٹرمودی سے پہلے وزیر اعلی شیو راج سنگھ چوہان نے پروگرام سے خطاب کے دوران عصمت دری کرنے والوں کو پھانسی دئے جانے سے متعلق حکومت کے فیصلہ کے بارے میں بتایاتھا۔اسکا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ جب مسٹر چوہان فیصلہ کے بارے میں بتارہے تھے ،پروگرام میں موجود سبھی لوگوں نے تالیوں سے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ۔یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہلی کی حکومت عام لوگوں کے دلوں کی آواز پر فیصلہ کرتی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ لیکن خواتین کے خلاف جرائم روکنے کے لئے ضروری ہے کہ خااندان کے لوگ لڑکوں کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھیں ۔لڑکے غلط راہ پر جائیں تو انھیں ایسا کرنے سے روکا جائے ۔لڑکیوں کو تو روکا جاتاہے ،لیکن بیٹوں کو بھی غلط راہ پر جانے سے روکا جائے تو شیطانی خصلت پیدا ہونے سے روکا جاسکتاہے ۔بیٹوں کو بھی ذمہ داری کا احساس دلانا ضروری ہے ۔یہ سماجی شوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور اسکے لئے بڑے پیمانے پر سماجی تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔