ریلوے وزیر پیوش گوئل نے کشی نگر حادثہ کی تحقیقات کا دیا حکم

نئی دہلی۔ ریلوے کے وزیر پیوش گوئل نے اتر پردیش کے کشی نگر میں ایک اسکول وین کے بغیر گارڈ والے ریلوے کراسنگ پر ٹرین سے ٹکرانے کی وجہ سے ڈرائیور سمیت 13 بچوں کی موت کے معاملہ میں آج تحقیقات کا حکم دیا۔ گوئل نے ٹویٹ کر کےکہا’’کشی نگر میں ہوئے حادثے میں اسکولی بچوں کی موت المناک خبر ہے۔ میں نے اعلی افسران کو حادثے کی تحقیقات کاحکم دے دیا ہے۔ مرنے والوں کے لواحقین کو ریلوے کی جانب سے دو لاکھ روپے کی مدد دی جائے گی جو اتر پردیش کی حکومت کی طرف سے دی جا رہی دو لاکھ کی رقم کے علاوہ ہو گی‘‘۔قابل غور ہے کہ کشی نگر کے بشن پورہ علاقے میں آج صبح ایک اسکول بس بغیر گارڈ والے ریلوے کراسنگ پر ٹرین سے ٹکرانے کی وجہ سے ڈرائیور سمیت 13 بچوں کی موت ہو گئی اور چھ زخمی ہو گئے۔ حادثے میں موقع پر ہی دس بچوں اور ڈرائیور کی موت ہو گئی جبکہ دو بچوں نے بعد میں دم توڑ دیا۔ چھ بچوں کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے جس میں تین کی حالت نازک ہے۔