عصمت دری کے واقعات سے بھارت کا وقار عالمی سطح پر مجرو ح ہوا

Taasir Urdu News Bureau: Uploaded | 28 Apr 2018

نئی دہلی ، 27 اپریل(پریس ریلیز) انڈین یونین مسلم لیگ دہلی یونٹ کے زیرِ اہتمام پرانی دہلی کے جامع مسجد علاقے میں ایک میٹنگ کا ایک انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں دہلی یونٹ کے اہم لیڈران موجود رہے ،اس موقع پر میٹنگ کی صدارت کر رہے مسلم لیگ دہلی یونٹ کے صوبائی صدر مولانانثار احمد حسینی نقشبندی نے کہاکہ آج کل ملک بحران کی کیفیت سے دو چار ہے اور بی جے پی کے زیرِ قیادت والی مرکزی حکومت ترقی کے محاذ پر پوری طرح ناکام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں یکے بعد دیگرے فرقہ وارانہ اور عصمت دری کے واقعات سے ملک کے عوام خائف ہیں اور ملک میں ہونے والی عصمت دری کی متعدد واردات سے عالمی سطح پر بھارت کا وقار مجروح ہوا ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ زانیوں کے خلاف حکومت سخت اور ٹھوس ایکشن لے ۔ شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مولانا نثا ر نے مزید کہاکہ ملک کو بحران کی کیفیت سے نکالنے اور ملک کوخوشحالی کے پٹری پرچلانے کی صلاحیت مسلم لیگ میں ہی ہے ۔مولانا نثا ر نے بتایا کہ 9مئی کو مسلم لیگ کی جانب سے دہلی میں کسان سمیلن کا انعقاد کیا جائے گا۔جس میں پارٹی کے اعلیٰ لیڈران کی شرکت متوقع ہے ۔اس موقع پر مسلم لیگ لیڈر شیخ فیصل حسن کے بڑے بھائی شیخ عارف حسن کے سانحہ ارتحال پر شرکاءنے گہرے رنج وغم کااظہار کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شیخ عارف حسن کو دل کا دورہ پڑا تھا اور انہیں دہلی کے اپولو اسپتال داخل کرایا گیاتھا جہاں انہوں نے داعی اجل کو لبیک کہا۔شیخ عارف حسن 46برس کے تھے ۔پسماندگان میں تین بیٹیاں ہیںمیٹنگ میں موجود مسلم لیگ لیڈران نے شیخ عارف حسن مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ۔ میٹنگ میں معین الدین قریشی ، معین الدین انصاری ،محمد عران اعجاز، شیخ فیصل حسن ،آصف انصاری ،اتیب خان اور اعجاز کریم ،نور شمس دیگر پارٹی عہدیدران اور کارکنان موجود تھے ۔