نتیش ،مودی اور رابڑی سمیت سبھی 11امیدواربلامقابلہ منتخب

پٹنہ ،19اپریل (یواین آئی)بہار قانون ساز کونسل کے لئے دوسال میں ہونے والے انتخابات کے لئے وزیر اعلی نتیش کمار ،نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی اور سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی سمیت سبھی 11امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں ۔کونسل انتخابات کے الیکشن افسر اور اسمبلی سکریٹری رام سریشٹھ رائے نے آج یہاں بتایا کہ سہ پہر تین بجے تک کسی امیدوار نے نام واپس نہیں لیا جس کے بعد سبھی امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب قراردیدیاگیا۔انھوں نے بتایاکہ نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی ،وزیر صحت منگل پانڈے اور راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی )کے ریاستی صدر رام چندر پورے ،جنتادل (یو) کے ریاستی صدر وششٹھ نارائن سنگھ ،کانگریس کے سینئر لیڈر پریم چند سمیت ک· امیدواروں کو سرٹیفکٹ بھی دے دئے گئے ہیں ۔جنتادل (یو)کوٹہ سے وزیر اعلی نتیش کمار ،بھارتیہ جنتاپارٹی سے نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی ،وزیر صحت منگل پانڈے اور راشٹریہ جنتادل سے سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی سمیت سبھی 11سیٹوں پر ہوئے انتخاب میں سبھی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں ۔ جن 11امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کیا گیاہے ان میں جنتادل یو کے مسٹر نتیش کمار ،رامیشورمہتو اور خالد انور ،بھارتیہ جتناپارٹی کے سشیل کمار مودی ،وزیر صحت منگل پانڈے ،سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر سنجے پاسوان ،آر جے ڈی کی محترمہ رابڑی دیوی ،پارٹی کے ریاستی صدر رام چندر پوروے اور خورشید محسن ،کانگریس کے پرم چند مشرا اور ہندستانی عوام مورچہ سیکولر کے سربراہ اور سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی کے بیٹے سنتوش مانجھی شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ قانون ساز کونسل کی 11سیٹوں کے انتخابات کے لئے 9اپریل کو نوٹیفکیشن جاری کیاگیاتھا۔کاغذات داخل کرنے کی آخری تاریخ 16اپریل تھی جبکہ 17اپریل کو کاغذات کی جانچ کی گئی ۔امیدوار آج ساڑھے تین بجے تک اپنے نام واپس لے سکتے تھے جبکہ ضروری پڑنے پر 26اپریل کو الیکشن اور اسی دن شام کو ووٹوں کی گنتی ہونی تھی