نتیش اور مودی سمیت سبھی امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب طے

پٹنہ 16 اپریل (اسٹاف رپورٹر): بہار قانون ساز کونسل کی 11 سیٹوں کےلئے ہونے والے انتخاب میں مجموعی طور پر 11 امیدواروں نے ہی پرچے داخل کئے ہیں۔ اس لئے ان سب کا بلامقابلہ منتخب ہونا طے ہے۔ سوموار کونامزدگی کے آخری دن جنتا دل یو ، بی جے پی اور کانگریس کے امیدواروں نے پرچے داخل کئے ۔ اس سے قبل جمعہ کو آرجے ڈی اور ہم کے امیدواروں نے اپنے پرچے داخل کئے تھے۔ جنتا دل یو کوٹے سے جن تین امیدواروں نے پرچے داخل کئے ، ان میں وزیراعلیٰ نتیش کمار، رامیشور مہتو اور خالد انور شامل ہیں۔ بی جے پی کی طرف نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی، وزیرصحت منگل پانڈے اور سابق مرکزی وزیر سنجے پاسوان نے پرچے بھرے ہیں۔ کانگریس کی طرف سے پریم چندر مشرا نے پرچہ داخل کیا ہے۔ نامزدگی کے بعد پریم چندر مشر نے کہا کہ وہ بطور ایم ایل سی عوامی مفاد میں بہتر کام کریںگے۔ انہوں نے مہاگٹھ بندھن کو متحد بتایا اور کہا کہ آنے والے وقت میں یہ اتحاد ریاست کی کمان سنبھالنے میں کامیاب رہے گا۔ کونسل انتخاب میں کم وبیش ہر پارٹی نے سماجی صف بندی کاخیال کیا ہے۔ جنتادل یو دو نئے چہروں کو ٹکٹ دیا ہے۔ ان میں سیتامڑھی کے رامیشور مہتو کشواہا سماج سے آتے ہیں جبکہ خالد انور اقلیتی فرقہ سے تعلق رکھنے کے ساتھ ہی اردو روزنامہ ہمارا سماج کے مالک بھی ہیں۔ بی جے پی نے بہار میں ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے سلسلے میں دلتوں کی ناراضگی کے بیچ سابق مرکزی وزیر سنجے پاسوان کو امیدوار بنایا ہے۔