نتیش کمار وزیراعظم سے دو مئی کوبہارکوخصوصی ریاست دینے کا کریں گے مطالبہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 29-Apr-2018

پٹنہ: بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار دو مئی کو وزیراعظم نریندر مودی سے دہلی میں ملاقات  کریں گے۔ وزیراعظم مودی سے ملاقات کرکے نتیش کمار بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دیئے جانے  کا مطالبہ کریں گے۔ جے ڈی یو لیڈر کے سی تیاگی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کے بعد وزیراعظم بہار سدن کے بھون کا بھی افتتاح کریں گے۔

حالانکہ کانگریسی لیڈروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مودی اور نتیش کمار کی ملاقات سے بہار کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ کانگریس ممبراسمبلی اشوک رام نے کہاکہ نتیش کمار نے بی جے پی کو بہار میں شرپسند عناصر کو اپنی جڑیں پھیلانے کا پلیٹ فارم دے دیا ہے، جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔

نتیش کمار پر اب بی جے پی اور آرایس ایس کا اثر ہے۔ ان کی بہار کو خصوصی درجہ کے مطالبہ کو درکنار رکھنے کی سیاسی مجبوری اور لاچاری سامنے آگئی ہے۔ دوسری طرف کانگریس ایم ایل سی پریم چند مشرا کا کہنا ہے کہ نتیش کمار اور بی جے پی اپنے اپنے ایجنڈے پر چلتے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے نتیش کمار کو بابا جی کا ٹھلّو دے دیا ہے۔ بہار کی عوام کو دونوں بے وقوف بنارہے ہیں۔