چیک ری پبلک کا اپنا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان

Taasir Urdu News Bureau: Uploaded | 27 Apr 2018

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دے کر اپنا سفارتخانہ تل ابیب سے القدس منتقلی کے فیصلے کے بعد چیک جمہوریہ نے بھی سفارتخانہ القدس منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔چیک جمہوریہ کے صدر نے کہا کہ  ملکی سفارتخانہ تین مرحلوں میں تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیا جائے گا، ابتدائی طور پر اعزازی قونصلیٹ آئندہ ماہ  القدس میں کھولا جائے گا۔چیک جمہوریہ کے وزیرخارجہ نے بتایا کہ  مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتخانے کے ساتھ ساتھ ثقافتی مرکز بھی کھولا جارہا ہے اور مرحلہ وار قونصل خانے کو مکمل کیا جائے گا تاہم انہوں نے سفارتخانے کی مکمل منتقلی کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں امریکی اعلان کے خلاف  اقوام متحدہ نے بھاری اکثریت سے قرارداد منظور کی تھی تاہم امریکا نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رواں سال مئی میں سفارتخانہ القدس منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔