ہاشم آملا کو شاندار خدمات پر جنوبی افریقہ کی حکومت کا اعلیٰ اعزاز

جوہانسبرگ ، 30 اپریل (یو این آئی ) جنوبی افریقہ کے سرکردہ بلے باز ہاشم آملا کی کرکٹ کے میدان میں شاندار خدمات پر جنوبی افریقہ کی حکومت نے انہیں اعلیٰ اعزاز ‘آرڈر آف اکھلامانگا’ سے نواز ا ہے ۔ ‘آرڈر آف اکھلامانگا’ جنوبی افریقہ کا اعلیٰ اعزاز ہے جسے جنوبی افریقی صدر جاری کرتے ہیں اور یہ کھیل، فن، میوزک، ثقافت، ادب، میوزک یا صحافت کے شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والوں کو دیا جاتا ہے ۔ 117 ٹیسٹ، 164 ون ڈے اور 43 ٹی20 میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والے آملا اب تک انٹرنیشنل کرکٹ میں 17ہزار 794 رنز بنا چکے ہیں جبکہ انہیں جنوبی افریقہ کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز 311 رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔ ہاشم آملا یہ اعزاز حاصل کرنے والے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے پہلے بلے باز ہیں اور ان سے قبل کوئی بھی بلے باز یہ ایوارڈ نہیں جیت سکا۔ اس سے قبل سابق فاسٹ بالر شان پولاک اور مکھایا انتینی کو 2008 میں یہ اعزاز دیا گیا تھا۔ ہاشم آملا اس وقت انگلینڈ میں ہمپشائر کا¶نٹی کے لیے کھیل رہے ہیں اور انہوں نے یہ اعزاز جنوبی افریقہ کے عوام کے نام کردیا۔مایہ ناز بلے باز نے کہا کہ ملک کی نمائندگی کرنا ہمیشہ میرے لیے اعزاز رہا ہے ، آرڈر آف اکھلامانگا ملنے پر بہت شکرگزار ہوں۔ جنوبی افریقہ کے تمام لوگوں کا شکریہ۔ یہ ایوارڈ ان کے لیے ہے ۔