ہند- پاک سیریز کمیٹی کے فیصلے تک تعطل کا شکار

نئی دہلی ، 24 اپریل (یو این آئی ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے چیئر مین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہند پاک سیریز کا معاملہ ڈسپیوٹ ریزلوشن کمیٹی میں ہے اگر فیصلہ پاکستان کے حق میں آیا تو ہندستان کو فیوچر ٹور پروگرام بدلنا ہوگا۔پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نے کولکتہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہند پاک سیریز کا معاملہ آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزلوشن کمیٹی کے فیصلے تک تعطل کا شکار ہے اور کمیٹی کے فیصلہ آنے کے بعد دیکھا جائے گا کہ کیسے آگے بڑھا جائے ۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ہندستان نے ایف ٹی پی ‘فیوچر ٹور پروگرامز’ کے تحت پاکستان کے ساتھ میچ نہیں رکھے اور کمیٹی کا فیصلہ ہمارے حق میں آتا ہے تو ہندستان کو ایف ٹی پی تبدیل کرنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ 2 سیریز نہ کھیلنے پر پاکستان کو 17 ملین ڈالرز کا نقصان ہواجس کے ازالے کے لئے بی سی سی آئی کو پہلے ہی بتاچکے ہیں۔ نجم سیٹھی کلکتہ میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے 5 روزہ اجلاس میں شرکت کے لیے ہندستان میں موجود ہیں اور اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ ہند پاک میچوں کے انعقاد کے لیے اپنے بورڈ پر دبا¶ ڈالے ۔ واضح رہے کہ ہندستان اور پاکستان کے درمیان 2014 میں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان 2022 تک 6 سیریز کھیلی جانی تھیں جس میں سے 4 کی میزبانی پاکستان اور 2 کی ہندستان کو کرنی تھی ۔ سیٹھی نے کہا کہ آئندہ 5 سال کے لیے تیار کردہ نئے فیوچر ٹور پلان پر معاملات طے پا چکے ہیں جہاں ہندستان نے پاکستان سے کوئی میچ نہیں رکھا لیکن اس فیوچر ٹور پروگرام پر ہماری رضامندی آئی سی سی کمیٹی کے فیصلے سے مشروط ہے کیونکہ اگر فیصلہ ہمارے حق میں ہوتا ہے تو انہیں فیوچر ٹور پروگرام تبدیل کرنا پڑے گا لہٰذا دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ سیریز کا انعقاد آئی سی سی کمیٹی کے فیصلے پر ہے جو ممکنہ طور پر رواں سال اکتوبر نومبر تک آ جائے گا۔