کھیل

یونس خان نے اپنا وعدہ پورا کیا!

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-May-2018

پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر اور سابق کپتان یونس خان نے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے اپنے 12 سالہ مداح فیلکس اینڈرسن سے کیا ہوا وعدہ پورا کر کے ان کا دل جیت لیا۔

مئی کی سات تاریخ کو یونس خان نے ٹویٹ کی جس میں انھوں نے فیلکس کے لیے پیغام دیا کہ انھوں نے اپنے مداح سے کیے گئے وعدے کے مطابق کرکٹ کے گر سکھانے کے لیے کوچنگ کی ویڈیو بنائی ہے۔

گذشتہ ماہ کی 25 تاریخ کو یونس خان نے اپنے ٹوئٹر پر ایک خط کی تصویر لگائی جو کہ نیوزی لینڈ میں رہنے والے ان کے 12 سالہ مداح فیلکس اینڈرسن نے لکھا تھا جس میں انھوں نے یونس خان کی بیٹنگ کی تعریف کی اور بتایا کہ وہ ان سے کتنے متاثر ہیں۔

اپنے خط میں فیلکس نے لکھا کہ یونس خان ان کے بڑے ہیروز میں سے ایک ہیں اور 2009 میں یونس خان کی سری لنکا کے خلاف بنائی گئی ٹرپل سنچری ان کے لیے بہت یادگار تھی اور جس کی وجہ سے وہ کرکٹر بننے کا خواب دیکھنے لگے۔

اپنے خط میں فیلکس نے یونس کی سلپ میں فیلڈنگ کی بھی تعریف کی اور درخواست کی کہ یونس خان ان کو بیٹنگ کے گر سکھائیں اور کوّر ڈرائیو اور کٹ شاٹ مارنے کے لیے کوئی مشورہ دیں۔

یونس خان نے اپنی ٹویٹ میں فیلکس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھیں یہ خط دو سال کے بعد ملا ہے لیکن وہ اُن کی فرمائش پوری کریں گے۔

یونس خان نے اپنی ویڈیو میں بھی فیلکس کو مخاطب کر کے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کوّر شاٹ اور کٹ شاٹ کھیلنے کے طریقے بتائے۔

About the author

Taasir Newspaper