ارون جیٹلی کی ایمس میں ہو گی گردے کی پیوندکاری، ذیابیطس میں ہیں مبتلا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-May-2018

مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)میں آج گردے کی پیوند کاری ہو رہی ہے۔

مسٹر جیٹلی ذیابیطس میں مبتلا ہیں، ایمس کےذرائع نے اس کی اطلاع دی۔ذرائع نے بتایا کہ مسٹر جیٹلی کی صحت کے سلسلے میں تفصیلی معلومات شام تک فراہم کی جائے گی۔

مسٹر جیٹلی (65) ہفتہ کے روز اسپتال میں داخل ہوئے تھے۔ انہیں آج صبح گردے کی پیوند کاری کے لئے لے جایا گیا۔ گردوں کی بیماری میں مبتلا وزیر خزانہ گزشتہ ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے ڈایئيليسس پر ہیں اور عوامی پروگراموں میں حصہ نہیں لے رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق مسٹر جیٹلی کی گردے کی پیوند کاری کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم میں اپولواسپتال کے ماہر ڈاکٹرسندیپ گلیريا بھی شامل ہیں۔

مسٹر جیٹلی گزشتہ ماہ اتر پردیش سے راجیہ سبھا رکن پارلیمان منتخب ہوئے اور 15 اپریل کو انہوں نے حلف لیا تھا۔ مسٹر جیٹلی نے پانچ اپریل کو خود ہی ٹوئٹ کر کے اطلاع دی تھی کہ وہ گردے کی بیماری میں مبتلا ہیں اور وزارت کا کام کاج گھرسے ہی دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا تھا کہ آگے علاج کیا ہوگا ،اس کا فیصلہ ان کا علاج کر رہے ڈاکٹر طے کریں گے۔