افغانستان سے تاریخی ٹیسٹ، بھارتی کمان راہنے کے سپرد

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-May-2018

 ممبئی: 

افغانستان سے تاریخی ٹیسٹ کیلیے بھارتی ٹیم کی کمان اجنکیا راہنے کے سپرد کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مستقل قائد ویرات کوہلی سمیت 4 اہم کھلاڑی آئندہ ماہ بنگلور میں شیڈول ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے، انگلینڈ سے تین ون ڈے میچز کی سیریز کیلیے امباتی رائیڈو کی2برس بعد ٹیم میں واپسی ہوگئی۔ افغانستان کا پہلا ٹیسٹ14جون سے بنگلور میں ہونا ہے، پہلی بار بھارت موسم گرما کے عروج پر اپنے ملک میں کوئی پانچ روزہ میچ کھیلے گا تاہم بنگلور کا موسم باقی ملک کی بانسبت قدرے ٹھنڈا ہوتا ہے، اس ٹیسٹ میں میزبان کپتان ویرات کوہلی کے شریک ہونے کا امکان تو پہلے ہی ختم ہوگیا تھا جب انھوں نے انگلش کاؤنٹی سرے سے مختصر معاہدہ کیا،اب سلیکٹرز نے تین اور اہم کھلاڑیوں جسپریت بمرا، روہت شرما اور بھونیشور کمار کو بھی آرام دے دیا، قیادت کی ذمہ داری اجنکیا راہنے کو سونپی گئی ہے۔ افغانستان کو گذشتہ برس جون میں آئرلینڈ کے ہمراہ ٹیسٹ اسٹیٹس ملا تھا، دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ چوتھا موقع ہوگا جب کوئی ملک اپنا پہلا ٹیسٹ بھارت سے کھیلے گا۔

اس سے قبل پاکستان، زمبابوے اور بنگلہ دیش بھی طویل طرز میں اپنے سفر کا آغاز بھارت کے ہی خلاف کرچکے ہیں۔ ٹیسٹ اسکواڈ میں راہنے، شیکھر دھون، مرلی وجے، لوکیش راہول، چتیشور پجارا، کرون نائر، وردھیمان ساہا، ایشون، رویندرا جڈیجا، کلدیپ یادیو، امیش یادیو، محمد شامی، ہردیک پانڈیا، ایشانت شرما اور شردل ٹھاکرشامل ہیں۔  بھارتی سلیکٹرز نے انگلینڈ میں شیڈول تین ون ڈے میچز کی سیریز کیلیے بھی 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا، جس میں چنئی سپر کنگز کے ان فارم بیٹسمین امباتی رائیڈو کی واپسی ہوئی۔

انھوں نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل 2016 زمبابوے کیخلاف کھیلا تھا۔ کنگز الیون پنجاب کے لوکیش راہول کو بھی آئی پی ایل میں عمدہ پرفارمنس کا صلہ مل گیا، ٹیم کی قیادت کوہلی سنبھالیں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں دھون، روہت شرما، راہول، شریاس آئیر، امباتی رائیڈو، دھونی، دنیش کارتھک، یوزویندرا چاہل، کلدیپ یادیو، واشنگٹن سندر، بھونیشور کمار، بمرا، پانڈیا، سدھارت کول اور امیش موجود ہیں۔