امریکی صدر نے محکمہ انصاف کو ایف بی آئی کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-May-2018

 واشنگٹن: 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ انصاف کو وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی 2016  میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے نتائج پر اثر انداز ہونے کے معاملے کی تفتیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر تحریر کیے گئے اپنے پیغام میں ایف بی آئی اے کے خلاف تحقیقات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ انصاف کو وفاقی تحقیقاتی ادارے کے 2016 کے صدارتی انتخاب میں میری انتخابی مہم کے خلاف کام کرنے پر محکمہ انصاف کو چھان بین کرنا چاہیے۔ ڈونلڈ ٹرمپ محکمہ انصاف کو تفتیش کرنے کی باضابطہ ہدایت کل کریں گے۔

امریکی صدر نے محکمہ انصاف کو مزید ہدایت کی کہ یہ بھی پتہ چلایا جائے کہ 2016 میں میری انتخابی مہم کی نگرانی ایف بی آئی اے نے خود سے کی یا اوباما انتظامیہ کے کسی ممبر نے ایسا کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس معاملے کے تمام حقائق کا سامنے آنا نہایت ضروری ہو گیا ہے۔

دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل نے کہا ہے کہ ان صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کے بارے میں تحقیقات کرنے والی اسپیشل کونسل رواں برس ستمبر میں اس حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کر سکتی ہے۔ تاہم یہ اس صورت میں ممکن ہو گا جب ٹرمپ جولائی میں اس کونسل کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ 2016 میں امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں روسی مداخلت کاانکشاف ہوا تھا جس کی روس نے تردید کی تھی جب کہ ٹرمپ انتظامیہ نے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کے الزام میں روس کی خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں سمیت امریکا میں کاروبار کرنے والے کم سے کم بیس تاجروں پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔