انٹرنیشنل فٹبال ایونٹس کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست تیار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-May-2018

لاہور: 

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے رواں برس شیڈول انٹرنیشنل ایونٹس کی تیاریوں کے لیے جامع پلان بنالیا جب کہ غیر ملکی قومی کوچ جوز انٹونیو نوگیوراکی مدد سے کراچی میں جاری چیلنج کپ میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔

3 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن نے عدالتی احکامات کے بعد دوبارہ کام کا آغاز کر دیا ہے، گزشتہ 2 ماہ میں فیصل صالح حیات کی سربراہی میں قائم فیڈریشن نہ صرف فیفا کی طرف سے پاکستان پر عائد پابندی ختم کروانے میں کامیاب رہی ہے بلکہ غیر ملکی کوچ کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔

جوز انٹونیو نوگیورا ان دنوں کراچی میں موجود ہیں اور شہر قائد میں جاری چیلنج کپ کے میچز میںکھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن نے غیر ملکی کوچ کو پہلا ٹاسک یہ سونپ رکھا ہے کہ وہ چیلنج کپ کے دوران غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی فہرست تیار کریں تاکہ انھیں رواں برس شیڈول انٹرنیشنل ایونٹس کے لیے میدان میں اتارا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق غیر ملکی کوچ نے کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست تیارکرلی ہے تاہم وہ اس فہرست کو فیڈریشن حکام کے حوالے کرنے سے پہلے چیلنج کپ کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلوں میں بھی پلیئرزکی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق منتخب کھلاڑیوں کا کیمپ رواں ماہ کے آخر میں لاہورمیں لگایا جائیگا جس میں غیر ملکی قومی کوچ جوز انٹونیو نوگیورا ملکی کوچز کے ساتھ مل کر پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن 3 سال کے طویل عرصے کے بعد پہلی بار انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں 18 اگست سے 2 ستمبر تک شیڈول ایشین گیمز میں شرکت کرے گی۔ ایشین ایونٹ میں فٹبال سمیت 40 گیمز کے ہزاروں کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

قومی ٹیم کی اگلی صلاحیتوں کا امتحان ساف فٹبال چیمپئن شپ ہے جو بنگلہ دیش میں 4 تا 15ستمبر تک کھیلی جائے گی، اس ایونٹ میں بنگلہ دیش سمیت بھوٹان، بھارت، مالدیپ، نیپال، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ایونٹ میں بھارتی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

ادھر پاکستان فٹبال فیڈریشن حکام کا کہنا ہے کہ 3 سال کی قومی اور انٹرنیشنل سرگرمیوں کی معطلی سے فٹبال کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، عالمی ایونٹس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے نہ صرف پاکستانی ٹیم کی رینکنگ بری طرح متاثر ہوئی بلکہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بھی زنگ لگ گیا، نئے عزم اور ولولے کے ساتھ دوبارہ آغاز کر دیا ہے، ایشین گیمز اور ساف چیمئپن شپ کی تیاریوں کے لیے کھلاڑیوں کو بھر پوروسائل مہیا کیے جائیں گے۔