انڈیا: راجستھان اور اترپردیش میں طوفان گردوباد سے 74 افراد ہلاک

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-May-2018

انڈیا کی شمالی ریاستوں راجستھان اور اترپردیش میں آنے والے طوفان گردوباد میں کم از کم 74 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔

بدھ کی شب آنے والی گرد آلود آندھی سے بڑے پیمانے پر بجلی منقطع ہو گئی، بڑے بڑے درخت اکھڑ گئے، گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور اس کی زد میں آ کر بہت سے مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔

بہت سے لوگ اپنے گھروں میں سو رہے تھے جب آسمانی بجلی ان کے گھر پر آن گری اور وہ ہلاک اور زخمی ہوئے۔

اس علاقے میں موسم گرما میں ایسی آندھیاں عام طور پر آتی ہیں لیکن اتنی ہلاکتیں غیر معمولی ہیں۔

اس آندھی سے راجستھان کے تین اضلاع الور، بھرت پور اور دھول پور زیادہ متاثر ہوئے جہاں 31 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ الور سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور اس ضلعے میں سکول بند کر دیے گئے ہی

راجستھان کی وزیرِاعلیٰ وسندھرا راجے نے کہا کہ امدادی کاموں کے لیے حکام متاثرہ علاقے کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔

ریاستی حکومت نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے چار لاکھ معاوضے کا اعلان کیا ہے۔

ریاست اترپردیش میں 45 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے 36 صرف ضلع آگرہ میں مارے گئے۔

درخت اور دیواریں گرنے سے بہت سے لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ د

ہلی میں بھی آندھی کے اثرات نظر آئے وہاں شام کو 100 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں اور بارش کے سبب راجستھان رائلز اور دلی ڈیئر ڈیولز کا آئي پی ایل کا ميچ بھی متاثر ہوا۔