آئی پی ایل 2018: دھونی کی قیادت والی چنئی سپرکنگس حیدرآباد کو شکست دے کر ساتویں بار فائنل میں

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-May-2018

ممبئی: آئی پی ایل 11 کے آج کے پہلے کوالیفائر میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کو شکست دے کر چنئی سپر کنگس نے فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لیاہے۔ آج یہاں کھیلے گئے میچ میں مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم نے 5 گیند باقی رہتے ہوئے دو وکٹ سے جیت حاصل کی اور ساتویں بار فائنل میں پہنچ گئی۔

سن رائزرس حیدرآباد نے آج پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 139 رن بنائے، جسے دھونی اینڈ کمپنی نے 20 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ سن رائزرس حیدرآباد کی طرف سے  براتھ ویٹ نے سب سے زیادہ 43 رن بنائے جبکہ ولیمسن اور یوسف پٹھان نے 24-24  رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ شکیب الحسن اور گوسوامی نے  12-12  رن بنائے۔  چنئی سپرکنگس کی طرف سے ڈیون براوو نے دو وکٹ لئے جبکہ رویندر جڈیجہ، چہر، نگڑی اور ٹھاکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کئے۔

ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس لو اسکور میچ میں  چنئی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ حیدرآباد بڑا اسکور کھڑا کرنے میں ناکام رہی۔ سن رائزرس حیدرآباد کی طرف سے 140 رنوں کے ہدف کا تعاقب کر نے اتری چنئی سپر کنگس کی شروعات بھی بے حد خراب رہی۔ شین واٹسن صفر پر آوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد امباتی رائیڈو، سریش رینا اور کپتان مہندر سنگھ دھونی بھی جلدی جلدی آوٹ ہوگئے۔ اس سے ٹیم پوری طرح سے دباو میں نظر آنے لگی اور شکست کا خطرہ منڈلانے لگا، لیکن فاف ڈوپلیسی ایک طرف ڈٹے رہے اور انہوں نے ناٹ آوٹ 67 رنوں کی اننگ کھیلی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کراتے ہوئے فائنل میں پہنچا دیا۔

چنئی سپرکنگس کی طرف سے فاف ڈوپلیسی کے علاوہ  سریش رینا نے 22 رن اور ایس این ٹھاکر نے 15 اور چہر نے 10 رنوں کی اننگ کھیلی۔ سن رائزرس حیدرآباد کی طرف سے راشد خان نے کسی ہوئی گیند بازی کرتے ہوئے 4 اوور میں محض 11 رن دیئے اور دو وکٹ حاصل کئے۔ اس کے علاوہ سندیپ شرما نے 3 اوور میں رنوں کے 30 رن اور بی کول نے 32 رن کے عوض 2 وکٹ لئے۔ بھونیشور کمار کو بھی ایک وکٹ حاصل ہوا۔