آرایس ایس کے پروگرام میں مہمان خصوصی ہوسکتے ہیں سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 28-May-2018

نئی دہلی: سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آرایس ایس) کے ایک پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شامل ہوسکتے ہیں۔ 7 جون کو آرا یس ایس کے ناگپور واقع دفتر میں ہونے والے  ’سہ سالہ کورس‘ پروگرام میں انہیں مدعو کیا گیا ہے۔ ہرسال منعقد ہونے والے اس پروگرام کے لئے آرایس ایس مشہور شخصیات کو مدعو کرتا ہے۔

آرایس ایس کے اکھل بھارتیہ پرچار سربراہ ارون کمار نے نیوز 18 کو بتایا کہ ہم نے ہندوستان کے سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کو بلایا ہے اور انہوں نے پروگرام میں آنے کی خواہش بھی ظاہر کی ہے۔

ذرائع نے نیوز 18 کو بتایا کہ آرایس ایس کی طرف سے پرنب مکھرجی کو دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔ حالانکہ اس میں شامل ہوں گے یا نہیں، اس کی وضاحت ہونا ابھی باقی ہے۔ حالانکہ ان کے پروگرام کی پوری تفصیل ابھی سامنے آنا باقی ہے۔

مہمان خصوصی یعنی سابق صدر جمہوریہ اس پروگرام میں الوداعی خطاب بھی پیش کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ آرایس ایس تین سال کا ٹریننگ پروگرام چلاتا ہے، جس میں تیسرے سال کے طلبا کی وداعی کے موقع پر یہ پروگرام منعقد کیاجاتا ہے۔ واضح رہے کہ صدر جمہوریہ رہتے ہوئے پرنب مکھرجی نے آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو لنچ پر مدعو کیا تھا۔