بہار : آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کی گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات ، حکومت سازی کا دعوی کیا پیش

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-May-2018

پٹنہ : اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے آر جے ڈی ، کانگریس اور ہم سمیت متعدد پارٹیوں کے ایک نمائندہ وفد کے ساتھ جمعہ کو گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی اور حکومت سازی کا دعوی پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمارے پاس 111 ممبران اسمبلی کی حمایت حاصل ہے اور اگر ہم لوگوں کو حکومت بنانے کا موقع ملتا ہے تو ہم لوگ آسانی سے اکثریت ثابت کردیں  گے۔

تیجسوی یادو نے کہا کہ میں نے گورنر کو ان سبھی ممبران اسمبلی کی حمایت کا خط سونپ دیاہے اور حکومت بنانے کیلئے موقع دینے کی اپیل کی ہے۔ تیجسوی یادو نے دعوی کیا کہ آر جے ڈی ، کانگریس اور ہم سمیت ان کے پاس 111 ممبران اسمبلی کی حمایت کے علاوہ این ڈی اے کے کئی ممبران بھی ہم لوگوں کے رابطہ میں ہیں اور فلور ٹیسٹ کا موقع ملنے پر ہم آسانی سے اکثریت ثابت کردیں گے۔

تیجسوی نے کہا کہ سب سے بڑی پارٹی اور الیکشن سے پہلے سب سے بڑے اتحاد ہونے کی وجہ سے آر جے ڈی یو حکومت سازی کا موقع ملنا چاہئے ۔ کرناٹک میں سب سے بڑی پارٹی کو حکومت بنانے کا موقع دیا گیا ہے اور اسی طرز پر ہم لوگوں نے گورنر سے ملاقات کی ہے اور حکومت سازی کا دعوی پیش کیاہے۔ ہمیں بھی حکومت سازی کا موقع ملنے چاہئے۔