جیکولین فرنینڈس اپنی گاڑی سے رکشہ کو ٹکر مارنے کے بعد موقع سے بھاگ نکلیں

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-May-2018

ممبئی: گزشتہ رات نامور بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی کار نے رکشے کو ٹکر ماردی۔

فلم’ریس2‘، ’کک‘،’جڑواں2‘اور’مرڈر2‘کے ذریعے مقبولیت حاصل کرنے والی خوبرو اداکارہ جیکولین فرنینڈس گزشتہ رات سلمان خان کے گھر سے واپس اپنے گھر جارہی تھیں کہ ممبئی کے علاقے بینڈرا میں حادثے کا شکار ہوگئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جیکولین فرنینڈس اور سلمان خان ان دنوں فلم’ریس3‘کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اسی سلسلے میں گزشتہ روز سلمان خان کے گھر پارٹی منعقد کی گئی تھی جس میں شرکت کے بعد تقریباً رات کے ڈھائی بجے جیکولین اپنے گھر واپس جارہی تھیں کہ ان کے ڈرائیور نے رکشے کو ٹھوکر ماردی۔

حادثے کے وقت جیکولین فرنینڈس کار کی پچھلی سیٹ پر بیٹھی ہوئی تھیں۔ خوش قسمتی سے انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں تاہم ٹکر کے باعث ان کی کار کی ہیڈ لائٹ ٹوٹ گئی جب کہ رکشےوالے کو بھی زیادہ چوٹیں نہیں آئیں۔ حادثے کے بعد جیکولین اور ان کے ڈرائیور جائے حادثہ سے فوراً روانہ ہوگئے۔ یاد رہے کہ جیکولین فرنینڈس اس سے قبل بھی فلم’ریس3‘کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر حادثے کا شکار ہوگئی تھیں۔

ہدایت کارو کوریوگرافر ریمو ڈی سوزاکی فلم’ریس3‘میں بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور جیکولین فرنینڈس مرکزی کرادراداکررہے ہیں، جب کہ دیگر کاسٹ میں اداکار انیل کپور، بوبی دیول، ڈیزی شاہ اور ثاقب سلیم شامل ہیں۔ فلم اگلے ماہ 15 جون کو ریلیز کی جائے گی۔