دہلی ڈیئر ڈیولس نے بچائی عزت، کوالیفائی کرچکی چنئی سپرکنگس کو 34 رنوں سے دی شکست

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-May-2018

نئی دہلی: فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر دہلی ڈیئر ڈیولس اور چنئی سپرکنگس کے درمیان  کھیلے گئے میچ میں اپنے گھریلو میدان پر دہلی نے جیت حاصل کرلی۔

دہلی ڈیئر ڈیولس نے دھونی اینڈ کمپنی کو 34 رنوں سے شکست دے دی۔ 163 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری چنئی سپرکنگس مقررہ 20 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر صرف 128 رن ہی بناسکی۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر چنئی سپرکنگس نے دہلی ڈیئرڈیولس کو بلے بازی کرنے کی دعوت دی۔ دہلی نے 20 اووروں میں 5 وکٹ کے نقصان پر 162 رن بنائے۔ دہلی کی طرف سے رشبھ پنت نے 38 اور وجے شنکراور ہرش پٹیل نے 36-36 رنوں کی اننگ کھیلی۔ چنئی کی طرف سے لنگی نگدی نے دو وکٹ لئے جبکہ دیپک چہر، رویندر جڈیجہ اور شردل ٹھاکر کو ایک ایک وکٹ ملا۔

چنئی کی طرف سے امباتی رائیڈو نے نصف سنچری لگائی۔ امباتی 50 اور رویندر جڈیجہ ناٹ آئوٹ  27 رنوں کی بہترین اننگ کی بدولت بھی چنئی جیت حاصل نہیں کرپائی۔  شین واٹسن 14، کپتان دھونی 17 اور سریش رینا 15 رن بناکر آئوٹ ہوگئے۔ اس طرح سے پوری ٹیم 20 اووروں میں محض 128 رن ہی بناسکی۔  دہلی ڈیئر ڈیولس کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ اور امت مشرا نے دو دووکٹ لئے جبکہ سندیپ اور ہرش پٹیل کو ایک ایک وکٹ ملا۔ ہرش پٹیل کو مین آف دی میچ دیا گیا۔

پوائنٹ ٹیبل میں ایک بار پھر آخری مقام پر رہنے کی شرمناک شکست کا سامنا کررہی دہلی نے آج بہترین کھیل کامظاہرہ کیا، لیکن اس سے بہت زیادہ فرق نہیں پڑنے والا ہے۔ کیونکہ چنئی سپرکنگس پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہے۔ تاہم دہلی آج اپنی عزت بچانے میں کامیاب ہوئی ہے۔  چنئی سپرکنگس کے 12 میچوں میں 8 جیت کے ساتھ 16 پوائنٹ ہیں اور وہ ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔