سابق را چیف کے ساتھ لکھی کتاب تو پاک آرمی نے سابق آئی ایس آئی چیف درانی کو کیا طلب

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 26-May-2018

سابق را چیف ایس اے دلت کے ساتھ مل کر کتاب لکھنے پر آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی کو پاکستان آرمی کے ہیڈکوارٹر میں طلب کیا گیا ہے۔ دراصل اس کتاب کا اجرا دو دن پہلے ہی کیا گیا تھا۔ کتاب کا نام ‘دی اسپائی کرانیکلس: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الیوزن آف پیس’ ہے۔

پاکستانی آرمی کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے جمعہ کو بتایا کہ درانی کو 28 مئی کو جنرل ہیڈکوارٹر بلایا گیا ہے جہاں ان سے کتاب میں دیئے گئے ان کے خیالات کے بارے میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔

انٹرو سروس پبلک ریلیشنز کے چیف میجر جنرل غفور نے کہا کہ یہ ملٹری کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

اے ایس دلت نے درانی کو جنرل صاحب کے نام سے مخاطب کیا ہے۔ انہوں نے کتاب میں لکھا ہے کہ دو مخالف ممالک کے سابق اسپائی ماسٹرس کی جانب سے یہ کوشش ہندوستان اور پاکستان کے درمیان رشتوں کو بہتر کرنے اور مذاکرات کو فروغ دینے کی ایک کوشش ہے۔

یہ کتاب سابق آئی ایس آئی اور را کے سربراہ کے بیچ افغانستان، پرویز مشرف، نواز شریف، اجیت ڈوبھال، کلبھوشن جادھو، کشمیر اور نریندر مودی جیسے تمام موضوعات پر کی گئی بات چیت کا مجموعہ ہے۔

درانی نے اس کتاب میں لکھا ہے کہ اسامہ کے خلاف امریکہ کے ذریعہ چلائی گئی  مہم سے پاکستان مکمل طور پر واقف تھا۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ کلبھوشن جادھو کے معاملہ سے پاکستان نے مناسب طریقے سے نہیں نمٹا۔

تین دن پہلے نیوز 18 کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں سابق آئی ایس آئی چیف نے اس بات کا بھی اشارہ دیا کہ کشمیر میں ابھی جاری اتھل پتھل کے لئے پاکستان ذمہ دار ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کا بیان جس میں انہوں نے ممبئی میں ہونے والے 26/11 حملے میں پاکستان کا ہاتھ ہونے کی بات کہی تھی، درانی کی باتوں سے کافی میل کھاتی ہے۔