سولہ دن بعد 60 پیسے نہیں بلکہ صرف 1 پیسے سستا ہوا پٹرول ڈیزل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 30-May-2018

نئی دہلی : پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں 60 پیسوں کی کمی کی خبر بدھ کی صبح تھوڑی راحت لے کر آئی تھی ، مگر وہ غلط ثابت ہوئی ۔ آئی او سی کی ویب سائٹ پر غلطی سے دہلی میں پٹرول 60 پیسے جبکہ ڈیزل 56 پیسے سستا دکھادیا گیا جبکہ حقیقت میں یہ کمی صرف ایک پیسے کی ہوئی ہے ۔

انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق دہلی میں منگل کو پٹرول 78.43 روپے فی لیٹر مل رہا تھا وہیں آج یہ 78.42 روپے فی لیٹر ہے۔ ادھر ممبئی میں منگل کو اس کی قیمت 86.24 روپے فی لیٹر تھی جو آج 86.23 روپے فی لیٹر ہے۔ وہیں ڈیزل کی بات کریں تو دہلی میں 69.30 روپے فی لیٹر اور ممبئی میں 73.78 روپے فی لیٹر مل رہا ہے۔

آئی او سی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ کمی صرف ایک پیسے کی تھی ، لیکن کچھ غلطی کی وجہ سے 25 مئی کے دام آج شائع ہوگئے ، جس کو بعد میں صحیح کرلیا گیا۔ دراصل پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار 16 دنوں سے جاری اضافہ کی وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں۔ اس وجہ سے ملک کی سب سے بڑی تیل فروخت کرنے والی کمپنی کی سائٹ پر دی گئی پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 60 پیسوں کی کمی کی اس اطلاع نے انہیں تھوڑی راحت ضرور دی تھی ، لیکن وہ غلط ثابت ہوئی۔