عالمی بینک ہندوپاک کے درمیان آبی تنازع کا پرامن حل کیلئے کوشاں

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-May-2018

اسلام آباد۔عالمی بینک کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان آبی تنازع کا پرامن حل نکالنے کے لیے کوشاں ہے، جس کے لیے اسلام آباد کے وفد کے ساتھ بات چیت کا آغاز کردیا گیا ہے۔پاکستانی اخبار’ڈان ‘کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کشن گنگا ڈیم کے افتتاح کے ایک روز بعد 20 مئی کو اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی سربراہی میں پاکستان کا وفد واشنگٹن پہنچا۔عالمی بینک کی ترجمان ایلینا کرابن نے ’ڈان‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی بینک کے حکام نے پاکستانی حکام کے ساتھ 21 اور 22 مئی کو سندھ طاس معاہدے کی روشنی میں مذکورہ ڈیم کے قضیہ کے حوالے سے ملاقات کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران پاکستان حکام کی جانب سے ہندوستانی ڈیم پر تحفظات زیربحث آئے جبکہ سندھ طاس معاہدے کی روشنی میں اس کاپر امن حل نکالنے پر زور دیا گیا۔

عالمی بینک کی ترجمان نے سندھ طاس معاہدے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ایک اہم ترین بین الاقوامی معاہدہ ہے جو پاکستان اور ہندوستان کو اپنے عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے حال اور مستقبل میں پانی کے موثر انتظام کے حوالہ سے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ایک ضروری تعاون پر مبنی فریم روک فراہم کرتا ہے۔