عراق میں دہشتگردوں کا حملہ، 2 اہلکاروں سمیت 20 افراد جاں بحق

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-May-2018

بغداد: 

 دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد جاں بحق اور 37 زخمی ہوگئے۔

دارالحکومت بغداد سے 25 کلو میٹر شمال میں واقع قصبے طارمیہ میں شدت پسندوں نے نہتے عراقی شہریوں پر فائرنگ کر دی۔ پیش آنے والے اس واقعے میں 20 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی فوج نے گزشتہ روز جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے مذکورہ دہشت گرد ٹولے پر قابو پا لیا ہے، ابھی تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد واضح نہیں ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 کے درمیان ہے۔

ایک عینی شاہد نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ واقعے میں20 افراد ہلاک اور37 زخمی ہوئے، عراقی حکومت نے دسمبر 2017 میں داعش تنظیم کے خلاف فتح کا اعلان کیا تھا جس نے 2014 میں ملک کے تقریباً ایک تہائی حصے پر قبضہ کر لیا تھا تاہم تنظیم کی جانب سے بغداد اور عراق کے دیگر علاقوں میں حملوں اور دھماکوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مسلح افراد نے حصیل کے مرکز میں اندھا دھند فائر کھول کر حملہ کیا، جاں بحق ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔