غزہ میں جاری بے چینی پر گہری نظر ، جرائم میں ملوث اسرائیلی عہدیداروں کے خلاف ہوگی قانونی کارروائی : عالمی عدالت انصاف

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-May-2018

غزہ : فلسطین میں یوم نکبہ اور امریکی سفارتخانہ کی یروشلم منتقلی کے موقع پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں فلسطینیوں کی ہلاکت عالمی عدالت انصاف نے نوٹس لیا ہے اور شہریوں کے قتل کی آزادانہ جانچ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی عدالت انصاف کی پراسیکوٹر جنرل فاتو بنسوڈا نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ وہ غزہ میں جاری بے چینی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور جرائم میں ملوث اسرائیلی عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کی ایک خبر کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اہلکار غزہ میں فیلڈ کی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، ہم دیکھ رہے ہیں کہ عالمی عدالت انصاف کے دائرہ اختیار میں آنے والے کسی بھی جرم کی تحقیقات کے لیے کیا لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔

ساتھ ہی ساتھ عالمی عدالت انصاف کی پراسیکوٹر جنرل فاتو بنسوڈا نے اپیل کی کہ تشدد کاسلسلہ بند ہونا چاہیے۔ تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خون خرابے سے بچنے کی پالیسی اختیار کرنا ہو گی۔ خیال رہے کہ پیر کے روز غزہ کی مشرقی سرحد پر احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی تھی ، جس میں 61 فلسطینی شہری کی موت اور تین ہزار سے زاید زخمی ہو گئے تھے۔