میشا شفیع کو دھمکیاں موصول، سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کردیے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-May-2018

کراچی: 

گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگانے والی نامور پاکستانی گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نےاپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ دھمکیاں ملنے کے باعث سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کیے۔

میشا شفیع چند روز قبل اپنے فیس بک اور انسٹا گرام اکاؤنٹس بند کرنے کے باعث شدید تنقید کی زد میں آگئی تھیں لہٰذا انہوں نے اپنے اکاؤنٹس بند کرنے کی وجہ خود ہی بتادی۔ میشا کا کہنا ہے کہ علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگانے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہاتھااور انہیں دھمکیاں دینے کے ساتھ پریشان بھی کیا جارہاتھا۔ لہٰذا وہ خود کو، اپنے گھروالوں کو خاص طور پراپنے دونوں بچوں کو دھمکیاں دینے والوں سے محفوظ رکھنا چاہتی تھی اسلیے انہوں نے اپنا فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کرنےکا فیصلہ کیا تاہم ٹوئٹر اکاؤنٹ ابھی بھی بحال ہے۔

دوسری جانب میشا شفیع کے وکیل احمد پنسوٹا نے ایک انٹرویو کے دوران میشا کے کینیڈا شفٹ ہونے کی خبروں کی تردیدکرتے ہوئے کہا ہےکہ ان کی موکل یہیں پر رہ کرمقدمات کا سامنا کریں گی۔ وکیل پنسوٹا نے مزید کہا بہت سارے کیسز میں اگر دوسری پارٹی کا کیس کمزور ہو تواس طرح کی افواہیں ان کا کیس مضبوط بنانے میں اہم  کردار ادا کرتی ہیں۔

پنسوٹا نے میشا شفیع کی کہی ہوئی بات اپنی بات میں شامل کرتے ہوئے کہا میشا ایک آرٹسٹ ہیں اور وہ اپنے کام کیلئے جہاں چاہیں سفر کرسکتی ہیں لیکن وہ کسی بھی ملک میں منتقل ہونے کی منصوبہ بندی نہیں کررہیں۔ پنسوٹا نے یہ انٹرویو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ری ٹوئٹ کیا ہے۔