وزیراعظم عہدے کی عظمت اور وقار کو برقرار رکھیں: شتروگھن سنہا کی وزیراعظم کونصیحت

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-May-2018

پٹنہ: بی جے پی ممبرپارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے کرناٹک اسمبلی الیکشن کی تشہیر کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کی تقریروں میں جارحانہ رخ اختیار کرنے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ وزیراعظم کو مشورہ دیتے ہوئے سنہا نے کئی ٹوئٹ کئے۔ انہوں نے ٹوئٹ میں مودی کو ٹیگ کیا اور کہا کہ وزیراعظم بننے سے کوئی ذہین نہیں بن جاتا۔ انہوں نے کہاکہ عزت مآب آج انتخابی تشہیر ختم ہوجائے گی۔ پیسے کی طاقت کے باوجود عوامی طاقت مضبوط ہوگی۔

انہوں نے مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ دونوں کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا حالانکی مجھے ایک ایک اسٹار پرچارک کے طور پر بلایا نہیں گیا۔ جیسے بہار اترپردیش سے لے کر گجرات جیسی ریاستوں میں نہیں کیا گیا۔ وجہ ہم سبھی کو معلوم ہے۔ میں عاجزی کے ساتھ ایک پرانے دوست، فکرمنداور پارٹی کا حامی ہونے کے ناطے مشورہ دیتا ہوں۔ ہمیں دائرہ نہیں پار کرنا چاہئے، ہمیں ذاتی نہیں ہونا چاہئے۔ احترام بنائے رکھتے ہوئے معاملات کو رکھنا چاہئے۔ وزیراعظم کی عظمت اور وقار برقرار رکھنا چاہئے۔

آخری ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ “کرناٹک کے لوگوں کو طے کرنے دیجئے اور سب سے بہتر انسان کو جیتنے دیجئے۔ وجے کرناٹک، جے ہند”۔

کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے الزام تراشی کے دوران انتخابی مہم ختم ہوگئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت بی جے پی اور کاگنریس کے اعلیٰ لیڈران نے رائے دہندگان کو اپنے حق میں کرنے کے لئے آخری دن پوری پوری کوشش کی۔ اب دیکھنے کی بات یہ ہے کہ عوام کس پر بھروسہ کرتی ہے اور نتائج کس کے حق میں آتے ہیں۔