ٹرمپ سے ملاقات کی منسوخی پر شمالی کوریا مایوس، مگر ’کسی بھی وقت‘ بات کے لیے تیار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-May-2018

امریکہ کی جانب سے ملاقات منسوخ کرنے کے بعد شمالی کوریا نے کہا ہے کہ ملک کے سربراہ کم جونگ ان کسی بھی وقت اور کسی بھی صورت میں امریکی صدر سے ملاقات کرنے کو تیار ہیں۔

شمالی کوریا کے نائب وزیر خارجہ کم یی گوان نے امریکی صدر کی جانب سے دونوں ممالک کے سربراہان کی ملاقات منسوخ کیے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ساتھ اگلے ماہ سنگاپور میں ہونے والی ملاقات یہ کہہ کر منسوخ کر دی تھی کہ اس وقت ملاقات کرنا نامناسب ہو گا۔

12 جون کو طے پانے والی یہ ملاقات سنگاپور میں ہونا تھا جو تاریخی اعتبار سے دونوں ملکوں کے سربراہان کی پہلی ملاقات ہوتی۔

ابھی یہ واضح نہیں تھا کہ میٹنگ کا ایجنڈا کیا ہے تاہم اس کا مرکز جزیرانما کوریا میں کشیدگی کو کم کرنا اور اسے جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا تھی۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے ملاقات کی منسوخی کے اعلان سے کچھ ہی گھنٹے پہلے شمالی کوریا نے کہا تھا کہ اس نے اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے جوہری تجربات کرنے کے مقام پر موجود سرنگوں کو تباہ کر دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے صدر ٹرمپ کے کم جونگ ان کو لکھے گئے خط میں انھوں نے کہا کہ ‘میں آپ کے ساتھ ملاقات کا متمنی تھا۔ لیکن افسوس ہے کہ آپ کے حالیہ بیان میں پائی جانے والی شدید مخاصمت سے مجھے لگتا ہے کہ اس وقت یہ ملاقات نامناسب ہو گی۔

ادھر شمالی کوریا کی سرکاری خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی خواہشات کے مطابق نہیں تھا۔ اور یہ کہ کم جونگ ان نے اس ملاقات کے بہت کوششیں کیں اور شمالی کوریا اب بھی اس مسئلے کے حل کا خواہشمند ہے، ’جب بھی اور جیسے بھی ممکن ہو‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلہ کی وضاحت کرتے ہوئے وائٹ ہاؤں کے حکام کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا نے کئی وعدے توڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا نے اپنی تباہ شدہ جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت نہیں دی۔

دوسری جانب اس ملاقات کے منسوخ ہونے پر عالمی رہنماؤں کی جانب سے سے تاسف کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریز نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اورشمالی کوریا جوہری ہتھیاروں سے پاک ہونے کے راستوں کی تلاش جاری رکھیں۔

جنوبی کوریا کے صدر مون جائے اِن نے بھی اس ملاقات کی منسوخی پر گہری افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سلامتی سے متعلق اہلکاروں کو ہنگامی بات چیت کے لیے طلب کر لیا ہے۔

کانگرس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالفیں ان پر کڑی تنقید کر ہے ہیں۔

ملاقات کی منسوخی کی یہ خبر اس کے چند گھنٹوں بعد آئی ہے جب شمالی کوریا نے کہا تھا کہ اس نے اپنی ایک ایٹمی سائٹ کی سرنگیں تباہ کر دی ہیں۔

غیر ملکی نامہ نگاروں نے کہا تھا کہ انھوں نے پنگییے ری کی سائٹ پر ایک بہت بڑا دھماکہ دیکھا ہے۔

صدر ٹرمپ نے خط میں کیا لکھا؟

‘آپ نے اپنی ایٹمی صلاحیتوں کی بات کرتے ہیں، لیکن ہمارے (ایٹمی ہتھیار) اتنے بڑے اور طاقتور ہیں کہ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ انھیں کبھی استعمال نہ کرنا پڑے۔’

صدر ٹرمپ نے اپنے خط کے آخر میں کہا اگر کم جونگ ان اپنا ذہن تبدیل کر لیں تو ان سے رابطہ کریں۔

‘دنیا، اور خاص طور پر شمالی کوریا، نے دیرپا امن، خوشحالی اور دولت کا ایک زبردست موقع گنوا دیا ہے۔ یہ ضائع شدہ موقع تاریخ کا افسوسناک لمحہ ہے۔’

بی بی سی کے نامہ نگار جوناتھن مارکس کا تجزیہ

ٹرمپ انتظامیہ کا اصرار ہے کہ سربراہ ملاقات کی تیاریوں کے سلسلے میں شمالی کوریا کی جانب سے تسلی بخش جواب نہیں مل رہا تھا جس سے یہ خدشات جنم لے رہے تھے کہ اس ملاقات کے مثبت نتائج برآمد نہیں ہو سکیں گے۔

اہم سوال یہ ہے کہ اب کیا ہو گا؟

شمالی اور جنوبی کوریا کے تعلقات میں حالیہ بہتری سے قبل شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان سخت بیانات کے تبادلے نے جزیرہ نما کوریا میں تنازعے کے دوبارہ آغاز کے خدشات کو جنم دیا تھا۔

کیا شمالی کوریا اب دوبارہ طویل فاصلے کے بیلسٹک میزائلوں کے تجربات شروع کر دے گا؟ کیا لفظی جنگ دوبارہ شروع ہو جائے گی یا پھر سفارتی سطح پر بات چیت کا عمل جاری رہنے کی موہوم سی امید باقی ہے؟

اور آخر میں کیا شمالی اور جنوبی کوریا کے بہتر ہوتے ہوئے تعلقات شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان بڑھتے ہوئے موجودہ تناؤ کے اثر سے محفوظ رہ سکیں گے؟

اس سے قبل جمعرات کو شمالی کوریا کے ایک عہدے دار چوئی سون ہوئی نے امریکی نائب صدر مائیک پینس کے اس بیان کو ‘احمقانہ’ کہ مسترد کر دیا تھا کہ ‘شمالی کوریا کا انجام لیبیا جیسا ہو گا۔’

لیبیا کے رہنما معمر قذافی کو ایٹمی پروگرام سے دستبردار ہونے کے بعد 2011 میں باغیوں نے قتل کر دیا تھا۔

عالمی ردعمل

جنوبی کوریا کی خبررساں ایجنسی ہونہاپ کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے کہا ہے کہ ’میں بہت الجھن کا شکار ہوں اور یہ بہت افسوس ناک ہے کہ شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان ملاقات نہیں ہو رہی۔‘

خیال رہے کہ رواں سال شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے اور گذشتہ ماہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے ملاقات کی تھی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گنتریز نے کہا ہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا کو امید نہیں چھوڑنی چاہیے، ان کا کہنا ہے کہ اس کے لیے ’آہنی اعصاب‘ کی ضرورت تھی۔

امریکہ میں رپبلکن سینیٹر ٹام کوٹن نے صدر ٹرمپ کی جانب سے ’کم جونگ ان کی دھوکہ دہی کو دیکھنے‘ پر تعریف کی ہے۔

تاہم ڈیموکریٹک سینیٹر برائن شاٹز نے کہا ہے کہ ایسا اس وقت ہوتا ہے جب ’ناتجربہ کار افراد جنگی جنون کے حامل افراد سے مل جاتے ہیں۔