ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آئندہ برس تاریخی ایشز سے آغاز

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-May-2018

لندن: 

 آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز آئندہ برس تاریخی ایشز سیریز سے ہوگا

انگلینڈ اور آسٹریلیا آئندہ برس ایشز کو آئی سی سی کی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پہلی سیریز بنانے پر متفق ہوگئے،9 ٹیموں پر مشتمل یہ لیگ 2019 سے شروع ہوگی، اس کی حتمی منظوری گذشتہ دنوں کولکتہ میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگز میں دے دی گئی ہے۔

اس طرح اب انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان 19 ویں صدی میں شروع ہونے والی دشمنی ایک نئے دور میں داخل ہوگی، جس میں صرف ایشز سیریز ہی نہیں بلکہ پوائنٹس بھی داؤ پر لگے ہوں گے، دونوں ٹیموں میں ایجبسٹن، ہیڈنگلے، لارڈز،اولڈ ٹریفورڈ اور اوول میں مقابلے ہوئے ہیں، پہلے ہی یہ انگلینڈ کا بمپر ہوم سیریز قرار پا چکا ہے کیونکہ میگا سیریز سے قبل یہاں ورلڈ کپ بھی منعقد ہوگا۔

نئی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت تمام 9 ٹیموں کو پہلے سائیکل کے دوران 3 ہوم اور اتنی ہی اوے سیریز کھیلنا ہوں گی،اس میں تمام ٹیموں کا ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا لازمی نہیں ہے۔ پوائنٹس کی بنیاد پر ٹیموں کی درجہ بندی اور آخر میں 2 ابتدائی سائیڈزکے درمیان جون 2021 میں لارڈز میں پہلا فائنل کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی نے فی الحال پوائنٹس سسٹم کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی ہیں، جنرل منیجر جیف ایلرڈائس اور ان کا ڈپارٹمنٹ سسٹم کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔ اس تجویز یہ ہے کہ ہر سیریز کے 100 پوائنٹس ہونے چاہئیں، ان میں سے 60 فاتح سائیڈ کو ملیں جبکہ باقی 40 ہر میچ کے نتیجے کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں۔

اسی طرح فائنل کے بارے میں بھی یہ تجویز موجود ہے کہ اس کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے 6 روزہ ہونا چاہیے تاہم ابھی اس بارے میں حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔

یاد رہے کہ زمبابوے اور ٹیسٹ اسٹیٹس پانے والی2دیگر ٹیمیں آئرلینڈ اور افغانستان اس ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ نہیں ہیں۔