چدمبرم نے کہا ’’پرنب مکھرجی آرایس ایس کے پروگرام میں انہیں بتائیں کہ ان کے نظریے میں کیا غلط ہے‘‘۔

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 31-May-2018

نئی دہلی: راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آرایس ایس) کے پروگرام میں سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے بطور مہمان خصوصی شامل ہونے کا دعوت نامہ قبول کرنے کے معاملے پر سیاست تیز ہوگئی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے کہا کہ پرنب مکھرجی کو آرایس ایس کو یہ بتانا چاہئے کہ اس کے نظریے میں کہا ں غلطی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرنب مکھرجی نے دعوت نامہ قبول کرلیا اور ایسے میں اس پر بحث کرنے کا کوئی مطلب نہیں بنتا کہ انہوں نے دعوت کیوں قبول کیا۔ اس سے اہم بات یہ ہے کہ آپ وہاں جائیں اور آرایس ایس کو یہ بتائیں کہ ان کے نظریے میں کیا غلط ہے۔

دوسری جانب پارٹی ترجمان آرپی این سنگھ نے اس معاملے پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ مکھرجی کے آرایس ایس کے دعوت نامہ قبول کئے جانے کو لے کر سابق مرکزی وزیر سی کے جعفر شریف اور کانگریس کے کچھ  دیگر لیڈروں نے سوال کھڑے کئے ہیں۔

غور طلب ہے کہ آرایس ایس نے پرنب مکھرجی کو 7 جون کو ہونے والے اپنے آرایس ایس تعلیمی سیشن کے تیسرے سالانہ اجلاس کے لئے بطور مہمان خصوص مدعو کیا ہے، جسے پرنب دا نے قبول بھی کرلیا ہے۔ واضح رہے کی کیرل اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور سینئر کانگریسی لیڈر رمیش چنّی تھالا نے سابق صدر جمہوریہ کے آرایس ایس کے پروگرام میں جانے کو لے کر حیرانی کااظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس متعلق پرنب مکھرجی کو خط لکھ کر کہا ہے اس فیصلے سے سیکولر لوگوں کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ انہوں نے سابق صدر کو ناگپور میں جون کے پہلے ہفتہ میں ہونے والے اس پروگرام میں نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔