چیمپئنز ٹرافی میں دنیا کی بہترین ٹیموں سے مقابلہ ہوگا، اولٹمنز

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-May-2018

کراچی: 

قومی ہاکی ٹیم کے غیرملکی کوچ راولنٹ اولٹمنز نے کہا ہے کہ ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی کامیابی کے امکانات محض 5 فیصد ہیں تاہم ایونٹ میں دنیا کی بہترین ٹیموں سے سخت مقابلوں کا سامنا رہے گا۔

چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی تربیتی کیمپ کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے غیر ملکی کوچ نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم میں  بہتری کا عمل جاری ہے، کامن ویلتھ گیمز میں  ملنے والے اچھے نتائج سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ان  میں مقابلے کا رحجان بھی بڑھا ہے، وہ اپنی صلاحیت اور استعداد کے مطابق بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ ان کی فزیکل فٹنس کا معیار زیادہ بہتر نہیں، ان کھلاڑیوں کو اپنی جسمانی  قوت میں اضافے کے ساتھ اسٹیمنا کو بھی بہتر بنانا ہوگا جبکہ ذہنی طور پر مضبوطی بھی انتہائی ضروری ہے۔

راولنٹ اولٹمنز نے کہاکہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہوتی ہے اور ہمیں ان چیزوں سے نکل کر  اچھے نتائج کی جانب دیکھنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ جدید ہاکی کے تقاضے تبدیل ہوچکے ہیں، انٹرنیشنل ہاکی میں ڈیفنس، پنالٹی شوٹ اور پنالٹی کارنر کے شعبوں میں زیادہ بہتر کارکردگی فائدہ مند رہتی ہے، ان عوامل کو مد نظر رکھ کر اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اگر پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی پا گیا تو یہ ایک معجزہ ہی ہوگا، پاکستان کی ایونٹ میں کامیابی کا امکان 5 فیصد یا اس سے بھی کم ہے، حقیقت یہ  ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں  ایک سے 6 رینکنگ والی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جبکہ پاکستان کو ان کیخلاف بڑی پرفارمنس دکھانے کی ضرورت ہوگی لیکن ہم صرف بھارت ہی نہیں بلکہ ہر ٹیم کیخلاف مقابلے کی تیاری کرینگے۔

ایک سوال پراولٹمنز نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان ہاکی ٹیم سینئر اور جونیئرز کا امتزاج ہوگی، یکدم اسکواڈ میں تبدیلیاں ممکن نہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ رفتہ رفتہ ٹیم میں نیا خون شامل کریں۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم کے منیجر اور سابق قومی کپتان اولمپئن حسن سردار نے کہا کہ ایبٹ آباد میں کیمپ کے پہلے مرحلے میں بہتر سہولیات کے سبب اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں،  کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس بھی بہتر ہوتی جارہی ہے، کامن ویلتھ گیمز کے نتائج نے ٹیم میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔

اس سے قبل ہماری ٹیم ناکامی سے دوچار ہو رہی تھی، بھارت کیخلاف اچھا کھیل پیش کرنے سے کھلاڑیوں میں حوصلہ پیدا ہوا، یقین دلاتا ہوں کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت سے ہاریں گے نہیں بلکہ کامیابی سے ہمکنار ہونگے، ٹیم کے کوچ  و سابق قومی کپتان اولمپئن محمد ثقلین نے کہا کہ غیرملکی کوچ کی آمد سے ٹیم  بہتری کی جانب رواں دواں ہے۔