چین کا پاکستان کو مشورہ، حافظ سعید کو بھیج دو کسی دوسرے ملک: رپورٹ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-May-2018

ممبئی میں 26/11 کو ہوئے دہشت گردانہ حملہ کے ماسٹر مائنڈ اور جماعت الدعویٰ کے سربراہ حافظ سیعد کے خلاف کاروائی کو لے کر بڑھتے دباو کے درمیان چین نے پاکستان سے اسے دوسرے ملک بھیجنے کو کہا ہے ۔ انگریزی اخبار ’’دی ہندو‘‘ میں شائع ہوئی ایک خبر کے مطابق ، چین  کے صدر شی جن پنگ نے پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے کچھ ایسے راستے تلاش کرنے کو کہا ہے ، جس سے ’’ سعید کسی مغربی ایشیائی ملک میں سکون کی زندگی گزار سکے‘‘۔

اخبار کے مطابق ، عباسی کے ایک قریبی معاون نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر انہیں بتایا کہ ’’ چین میں بی او اے او فورم سے ہٹ کر دونوں رہنماوں کے درمیان تقریباََ 35 منٹ ہوئی ملاقات میں قریب 10 منٹ تک حافظ سعید پر ہی بات ہوتی رہی ۔ چین کے صدر نے اس دوران پاکستانی پی ایم سے سعید کو سرخیوں سے دور کرنے کے لئے جلد اس کا حل نکالنے کو کہا۔

اخبار نے بتایا کہ عباسی نے اس کے بعد اپنی حکومت کی لیگل ٹیم سے بات چیت کی جو فی الحال اس معاملہ میں تبادلہ خیال کر رہی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ عباسی کی مدت کار31 مئی کو ختم ہو رہی ہے ، ایسے میں مانا جا رہا ہے کہ اس معاملہ میں اب آئندہ حکومت ہی کوئی فیصلہ لے گی۔