کرناٹک انتخابات: کانگریس اپنی شکست کا بہانہ ڈھونڈ رہی ہے: نریندر مودی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-May-2018

بنگلورو۔ کرناٹک کی 224 رکنی اسمبلی سیٹوں کے لئے آئندہ ہفتہ  یعنی 12 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ریاست میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے۔ کانگریس اوربی جے پی دونوں نے ہی الیکشن جیتنے کے لئے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔

وزیر اعظم مودی آج بی جے پی کے لئے تین ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ کرناٹک کے وجے پورہ میں وہ ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس اپنی ہار کا بہانہ ڈھونڈ رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آزادی کے 70 سال ہو گئے۔ ہمارے ملک میں پچیس چھبیس کروڑ گھرانے ہیں۔ آج بھی چار کروڑ گھرانے ایسے ہیں جہاں بجلی نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی کی حکومت نے ہندوستان کے لوگوں کو جہنم کی زندگی جینے پر مجبور کیا ہے۔

وزیر اعظم نے کانگریس پر اپنا حملہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک کے کسانوں کے ساتھ کیا کیا؟ جب ریاست میں قحط پڑا تھا تب سیاست کی وجہ سے وزرا دلی میں مصروف تھے۔

نریندر مودی نے کہا کہ آج ایک کروڑ سینئر سٹیزن اٹل پنشن یوجنا سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ہم نے آیوشمان بھارت شروع کی جس کے تحت ملک کے ہر ایک شخص کو ایمرجنسی میں پانچ لاکھ روپئے تک کا خرچ حکومت ہند کی طرف سے ملیں گے۔