کرناٹک فلور ٹیسٹ: ’ لاپتہ‘ ارکان اسمبلی کو تلاش کرنے ہوٹل پہنچی پولیس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-May-2018

 بنگلورو۔ پروٹیم اسپیکر کے طور پر کے جی بوپیا کی تقرری کو چیلنج دینے والی کانگریس ۔ جے ڈی ایس کی عرضی کو سپریم کورٹ نے مسترد کر دیا ہے۔ کورٹ نے کہا کہ بوپیا کا موقف سنے بغیر کورٹ انہیں ہٹا نہیں سکتا ہے۔ کورٹ نے کہا کہ ان کی تقرری کو رد کرنے کا مطلب فلور ٹیسٹ کو آگے بڑھانا ہو گا۔

طاقت آزمائی کے دوران کرناٹک اسمبلی میں امن بنائے رکھنے کے لئے دو سو سے زیادہ مارشل تعینات کئے گئے ہیں۔ یہاں کانگریس رکن اسمبلی آنند سنگھ کو لے کر شش وپنج برقرار ہے کہ وہ فلور ٹیسٹ کے لئے اسمبلی پہنچیں گے یا نہیں۔ وہیں، کانگریس لیڈران دعویٰ کر رہے ہیں کہ آنند سنگھ ان کے رابطہ میں ہیں اور فلور ٹیسٹ کے دوران وہ ان کا ساتھ دیں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ سدارمیا اسمبلی پہنچ چکے ہیں۔ اس بیچ بی ایس یدی یوروپا نے فلور ٹیسٹ کے بعد شام پانج بجے تقریب کا اعلان کیا ہے۔ یدی یوروپا نے کہا کہ اتوار کو وہ وزیر اعلیٰ کے طور پر اہم فیصلے کرنے والے ہیں۔

 اس بیچ کانگریس اور جے ڈی ایس کے ارکان اسمبلی حیدرآباد سے بنگلورو لوٹ آئے ہیں۔ بی جے پی کی جوڑ توڑ کی کوششوں کے اندیشوں کے مدنظر دونوں پارٹیوں نے اپنے ارکان اسمبلی کو شہر سے باہر بھیج دیا تھا۔ سبھی ارکان اسمبلی کو ہوٹل ہلٹن اور لی میریڈین میں ٹھہرایا گیا ہے۔

کانگریس نے ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یوروپا کا ایک ویڈیو کلپ جاری کیا ہے۔ اس آڈیو میں یدی یوروپا ہیرےکرور رکن اسمبلی بی سی پاٹل کو کابینہ میں جگہ کا لالچ دیتے سنائی دے رہے ہیں۔ نیوز ۱۸ اس آڈیو کلپ کی تصدیق نہیں کرسکا ہے۔ اس میں یدی یوروپا مبینہ طور پر پاٹل سے کہہ رہے ہیں کہ انہیں کوئی بہانہ بنا کر کیرالہ چلے جانا چاہئے۔ یدی یوروپا کہہ رہے ہیں ایک بار آپ کوچین چلے گئے تو معاملہ اپنے آپ ہی بند ہو جائے گا۔ تو کوئی بہانہ بنا لو اور وہاں چلے جاو۔