کرکٹر رویندر جڈیجہ کی بیوی کو پولیس اہلکار نے مارا تھپڑ؟

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-May-2018

جام نگر: ٹیم انڈیا کے آل رائونڈر اور چنئی سپرکنگس کے اہم کھلاڑی رویندر جڈیجہ کی بیوی ریوا سولنکی سے مارپیٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ خبروں کے مطابق ریوا اپنی بی ایم ڈبلیو کار سے جارہی تھیں، تبھی انہون نے ایک پولیس والے کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی، جس کے بعد پولیس اہلکار اور ان کے درمیان کافی جھگڑا ہوا۔

معاملہ یہی نہیں تھا بلکہ پولیس والے نے ان پر ہاتھ تک اٹھا دیا۔ جھگڑا بڑھتا ہوا دیکھ کر آس پاس کھڑے لوگوں نے بیچ بچاو کیا اور جڈیجہ کی بیوی ریوا کو ڈی ایس پی دفتر بھیجا۔

جام نگر ضلع کے پولیس انسپکٹر پردیپ سجیل نے بتایا کہ یہ مبینہ واقعہ جام نگر میں سارو سیکشن روڈ پر ہوا جب رویندر جڈیجہ کی کار سے مبینہ طور پر کانسٹبل کی موٹر سائیکل کو ٹکر لگ گئی، جس نے ان پر حملہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ریوا جڈیجہ کی کار کی موٹرسائیکل سے ٹکر کے بعد پولیس اہلکاروں نے ان سے ہاتھا پائی کی۔ ہم انہیں ہرممکن مدد کرارہے ہیں اور پولیس اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

ایک شخص نے حالانکہ خود کو حادثہ کا چشم دید گواہ بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پولیس اہلکار نے ریوا جڈیجہ کو بری طرح مارا۔ وجے سنگھ چاوڑا نے نامہ نگاروں سے کہا کہ پولیس اہلکار نے ریوا کو بے رحمی سے پیٹا اور بحث کے دوران اس کے بال تک کھینچے، ہم نے اسے (ریوا کو) اس سے بچایا۔