کمار وشواس نے بھی جیٹلی سے مانگی معافی، کجریوال کو بتایا عادتاً جھوٹا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 28-May-2018

نئی دہلی: اروند کجریوال کے بعد اب کمار وشواس نے بھی وزیر مالیات ارون جیٹلی سے معافی مانگ لی ہے۔ وہیں مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی نے عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور شاعر کمار وشواس پر کیا گیا ہتک عزت کا مقدمہ بھی واپس لے لیا ہے۔ ایسے میں کئی ماہ سے زیرالتوا معاملہ بھی ختم ہوگیا ہے۔

کمار وشواس نے ارون جیٹلی کو ایک خط لکھ کر پورے معاملے میں اپنا رخ واضح کیا ہے۔ اسی خط کے بعد ارون جیٹلی نے یہ مقدمہ واپس لے لیا ہے۔ وشواس نے خط میں لکھا ہے کہ اپنی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال کے کہنے پر ہی انہوں نے پارٹی کے دیگر کارکنان اور ترجمان نے ان کی بات دہرائی تھی، لیکن اب اروند کجریوال ان کے رابطہ میں نہیں ہیں اور جھوٹ بول کر خود ہی غائب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ اروند کجریوال عادت کے مطابق جھوٹے ہیں اور پارٹی کارکن ہونے کے ناطے انہوں نے صرف اروند کجریوال کی بات دہرائی تھی۔

غور طلب ہے کہ ہتک عزت معاملے میں اروند کجریوال سمیت دیگر سبھی ملزمین کے ذریعہ معافی مانگ لئے جانے کے بعد کمار وشواس اس معاملے میں اکیلے رہ گئے تھے۔ اس خط میں وشواس نے واضح کیا ہے کہ کس طرح اروند کجریوال نے انہیں پارٹی کارکنان اور ملک کو دھوکے میں رکھ کر کچھ مبینہ ثبوتوں کا حوالہ دیتے ہوئے جیٹلی پر الزامات عائد کئے تھے۔

واضح رہے کہ ڈی ڈی سی اے معاملہ میں اروند کجریوال اور ان کے تمام ساتھیوں نے بہت ہی زور وشور کے ا رون جیٹلی پر الزامات عائد کئے تھے۔ بعد میں جب اروند کجریوال نے معافی مانگ لی، تب پارٹی لیڈران میں بھی ناراضگی پائی گئی تھی۔