کٹرہ میں ترکوٹہ پہاڑیوں پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا، ویشنو دیوی یاترا بحال

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-May-2018

جموں۔جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع ریاسی میں واقع ’شری ماتا ویشنو دیوی کی مندر‘کی طرف آنے اور جانے والے راستے پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مذکورہ راستے پر یاتریوں کی آمدورفت بحال کردی گئی ہے۔سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ’ترکوٹہ پہاڑیوں جہاں پر ماتا ویشنو دیوی کی مندر واقع ہے، پر لگی آگ جزوی طور پر بجھالی گئی ہے۔

یاتریوں کی آمدورفت جو بدھ کو دوپہر کے وقت سے معطل تھی، کو جمعرات کی صبح بحال کردیا گیا۔ آگ پر سو فیصد قابو پانے کے لئے مختلف محکموں کی افرادی قوت اور مشینری لگی ہوئی ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی، شرائن بورڈ، فارسٹ ڈیپارٹمنٹ اور پیرا ملٹری فورسز نے مشترکہ طور پر آگ بجھانے کے کام میں حصہ لیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا ’آگ پر قابو پانے کے لئے انڈین ائر فورس کے دو اور آرمی کے متعدد ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا گیا‘۔ انہوں نے بتایا ’بنیادی مقصد آگ کو پھیلنے سے روکنا تھا جس میں کامیابی مل گئی ہے‘ ۔