بالی ووڈ اداکار ارمان کوہلی گرل فرینڈ پر تشدد کے الزام میں گرفتار

0
384

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-June-2018

بھارتی میڈیا کے مطابق ارمان کوہلی کوممبئی پولیس نے گزشتہ روزممبئی کے نزدیک واقع ہل اسٹیشن لوناولہ سے گرفتار کیا ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک ہفتے قبل اپنی گرل فرینڈ نیرو رندھاواکو شدید تشدد کا نشانہ بنایاتھا جس کے باعث ان کے چہرے پر کافی گہرے زخم آئے تھے جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ارمان نے اپنی گرل فرینڈ کو مبینہ طور پر اپنے فارم ہاؤس میں تشدد کا نشانہ بنایاتھااور اس کے بعد سے وہ فرارتھے تاہم انہوں نے گزشتہ روز نیا سم کارڈ لے کر اپنے گھر والوں اور وکیل سے رابطہ کرنے کی کوشش  کی جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

پولیس میں درج کرائی گئی شکایت کے مطابق ارمان کوہلی اور ان کی گرل فرینڈ کے درمیان 3 جون کو مالی معاملات پر بحث ہوئی تھی، کہ ارمان نے اچانک غصے میں نیرو کو سیڑھیوں پر دھکا دیااور اس پر تشدد کیاجس کے باعث نیرو کے سر اور چہرے پر شدید زخم آئے بعد ازاں  نیرو رندھاواکوممبئی کے کوکیلا بین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں داخل کیاگیا۔

اس واقعے کے بعد ارمان کوہلی ممبئی کے نزدیک واقع اپنے دوست کے گھر پر روپوش ہوگئے تھے تاہم پولیس ان کی تلاش میں تھی ارمان نے جیسے ہی نیا سم کارڈ خرید کو اپنے گھروالوں سے رابطہ کیا پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اس کے علاوہ ایک مقامی رہائشی نے بھی پولیس کو ارمان کوہلی کی روپوشی کی اطلاع دی تھی۔ پولیس نے حراست میں لینے کے بعد ارمان کوہلی سے دو گھنٹے سانتا کروز پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کی بعدازاں انہیں ممبئی پولیس اسٹیشن بھیج دیاگیا جہاں مزید تفتیش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ ارمان کوہلی کا شمار بالی ووڈ کے ناکام اداکاروں میں ہوتا ہے انہوں نے 2002 میں فلم’جانی دشمن‘میں کام کیا تھا اس کے علاوہ وہ فلم ’ایل او سی‘،’کارگل‘ اور پریم رتن دھن پایو‘میں بھی مختصر کردار اداکرچکے ہیں تاہم شائقین کو متوجہ کرنے میں ناکام رہے۔ اس کے علاوہ وہ 2013 میں ’بگ باس‘میں بھی شرکت کرچکے ہیں۔