کھیل

فرنچ اوپن؛ رافیل نڈال نے 11ویں بار چیمپئن بننے کا اعزاز پالیا

Profile photo of Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-June-2018

اسپینش اسٹار نے فائنل میں آسٹرین حریف ڈومنیک تھیم کو 6-4، 6-3 اور6-2 سے ٹھکانے لگادیا۔ میچ کے اختتامی لمحات میں نڈال کو انجری کا بھی خطرہ رہا،32 سالہ ورلڈ نمبرون اب کیریئر میں 17 گرینڈ سلم ٹائٹل جیت چکے ہیں،سوئس ماسٹر راجرفیڈرر 20 گرینڈ سلم اعزازات کے ساتھ بدستور آگے ہیں۔

نڈال کو فائنل سیٹ کے چوتھے گیم میں انگلی کی انجری کیلیے طبی امداد بھی لینا پڑی، تاہم تھیم کے بیک ہینڈ لانگ شاٹ پر انھوں نے پانچواں میچ پوائنٹ جیتا، رافیل نڈال نے 11ویں بار پیرس ٹرافی جیت کر سابق آسٹریلوی خاتون پلیئر مارگریٹ کورٹ کا آل ٹائم ریکارڈ بھی برابر کردیا، مارگریٹ نے 1960 سے لیکر1973 تک آسٹریلین اوپن پر حکمرانی قائم رکھی تھی، نڈال نے گذشتہ دنوں سیمی فائنل میں ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کو 6-4،6-1 اور6-2 سے شکست سے دوچار کیا تھا۔

اسپینش اسٹار نے کہا کہ میرے لیے رولینڈ گیروس پر عمدہ کھیل پیش کرنا ہمیشہ سے بہترین محرک بنا رہا ہے، نڈال کا یہاں پر ریکارڈ انتہائی شاندار ہے، وہ اب تک فرنچ اوپن میں 86 میچز جیتے ہیں جبکہ محض دو بار انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اسپینش اسٹار نے کہا کہ میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ آپ کے کیریئر میں مواقع محدود ہوتے ہیں، میں نے انجری مسائل کے سبب کئی مواقع کھوئے ہیںِ اور مجھے یہ بھی اندازہ ہے کہ وقت تیزی سے گزرتا جارہا ہے، رافیل نڈال کلائی اور گھٹنے کے انجری مسائل کے سبب کیریئر میں اب تک کم ازکم 8 گرینڈ سلم ٹورنامنٹس میں شرکت نہیں کرپائے ہیں، راجرفیڈرر کا ریکارڈ یقینی طور پر ان کی نظروں میں ہے۔

دوسری جانب تھیم 23 برس بعد فرنچ اوپن کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے آسٹرین کھلاڑی بنے ، ان سے قبل 1995 میں ان کے ہموطن تھامس موسٹر نے ٹائٹل جیتا تھا، انھیں نڈال کیلیے سخت حریف خیال کیا جارہا تھا، انھوں نے رواں برس میڈرڈ اوپن کے کوارٹر فائنل میں اسپینش اسٹار کو مات دی تھی، باہمی 10 مقابلوں میں تھیم نے 3 میں فتح پائی جبکہ 7 بار نڈال نے میدان سے فاتح بنکر واپس لوٹنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

About the author

Profile photo of Taasir Newspaper

Taasir Newspaper

Skip to toolbar