اتر پردیش

فصل بیمہ منصوبے میں اصلاح کی ضرورت : یوگی

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 05-June-2018
لکھنؤ ، 5جون : اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کسانوں کی مدد کے لئے جاری ’ فصل بیمہ یوجنا ‘ میں اصلاح کی ضرورت ہے اور الگ الگ فصلوں کے پریمیم طے کرتے وقت ان کو حسب حال بنایا جانا چاہئے تاکہ کسانوں کو اس کا فائدہ مل سکے ۔ 

مسٹر یوگی نے کل یہاں ’ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا‘ کی ترقی کی جائزہ میٹنگ میں کہا کہ اس منصوبہ کے تحت کسانوں کے مفاد کے مطابق اصلاح کی ضرورت ہونے پر مرکز سے گزارش کی جائے ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کسانوں کی آسانی کے لئے اس منصوبہ کے تحت بیمہ مراعات دینے والی کمپنیوں کے آفس ضلع سطح پر قائم کئے جایئں ۔ کسانوں کی مدد کے لئےایک ٹول فری ہیلپ لائن نمبر بھی قائم کیا جائے ۔ 

مسٹر یوگی نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت خدمات مہیا کرانے والی کمپنیاں اپنے منصوبے اور خدمات کی بڑے پیمانے پر تشہیر کریں ۔ اپنی فصل بیمہ منصوبے کے تعلق سے’ وال رائٹنگ‘ بھی کرائیں ۔ 

اس کے بارے میں بلاک سطح پر کسانوں کی میٹنگیں بھی منعقد کی جائیں اور اس میں کسانوں کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی معلومات دی جائے ۔ ان میٹنگوں میں متعلقہ بیمہ کمپنیوں کے نمائندے کسانوں کو معلومات فراہم کرنے کے لئے موجود رہیں ۔ 

وزیر اعلی نے کہا کہ جو کسان قرض نہیں لے رہے ہیں انہیں بھی فصل بیمہ کروانے کی سہولت مہیا کرائی جائے ۔ انہوں نے زراعت میں بڑے پیمانے پر ہونے والے تجربات جیسے آرگینک زراعت ، پیداوار بڑھانے اور فصلوں کو کیڑے مکوڑوں سے بچانے کے لئے گائے کے پیشاب کا استعمال اور کمپوسٹ کھاد کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے متعلق تمام ضلع میں زراعت کے ریاستی وزیر کی قیادت میں بڑے پیمانے پر کسانوں کی میٹنگ کا انعقاد کیا جائے ۔ 

 

About the author

Taasir Newspaper