فواد عالم کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ مشترکہ تھا :سرفراز

0
286

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-June-2018

لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے منتخب ٹیم میں فواد عالم کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ مشترکہ تھا اور امید ہے کہ ٹیم دوروں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 4 سلیکٹرز، ایک کوچ اور ایک کپتان ہے۔ جب بھی اسکواڈ منتخب ہوتا ہے تو ہر کوئی اپنی رائے کا اظہار کرتا ہے اور باہمی مشاورت اور تعاون سے اسکواڈ منتخب کیا جاتا ہے۔ ایسا نہیں کہ اسکواڈ کسی ایک فرد کی رائے یا مشاورت کے بغیر منتخب کیا جائے۔

کپتان نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے منتخب اسکواڈ کو متوازن قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایسا نہیں کہ جن کھلاڑیوں کو منتخب نہیں کیا گیا، انہیں دوبارہ منتخب نہیں کیا جائے گا بلکہ جو کوئی بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اس کے لیے قومی ٹیم کے دروازے کھلے ہوں گے۔

پاکستان ٹیم 23 اپریل کو لاہور سے کینٹربری روانہ ہوگی اور پہلا 4 روزہ وارم اپ میچ 28 اپریل سے کینٹ کے خلاف کھیلے گی۔پاکستان اپنا دوسرا 4 روزہ میچ 4 سے 7 مئی تک نارتھمپٹن شائر کے خلاف کھیلے گا جس کے بعد آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ 11 مئی سے شروع ہوگا۔