اتر پردیش

ہردوئی سڑک حادثہ ، سات مزدوروں کی موت ، متعدد زخمی

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 05-June-2018

ہردوئی ، 5 جون : اتر پردیش کے ضلع ہردوئی کے بلگرام ملاوا کوتوالی علاقہ میں ایک زبردست سڑک حادثے میں سات مزدوروں کی موت ہو گئی اور اتنے ہی افراد زخمی بھی ہو گئے ۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ وپن کمار مشرا نے آج یہاں بتایا کہ بلگرام علاقہ کے رہنے والے 14 مزدور کل قنوج میں ایک سلیب ڈالنے گئے تھے ۔ کل دیر رات وہ سلیب ڈالنے کے بعد ٹریکٹر پر مکسر مشین کے ساتھ واپس اپنے گاؤں لوٹ رہے تھے ۔ بلگرام ملاوا کوتوالی کی سرحد پر ہردوئی ۔ قنوج روڈ پر ضلع ہیڈ کوارٹر سے تقریبا 50 کلو میٹر دور چپر تلا گاؤں کے پاس سامنے سے آتے ہوئے تیز رفتار ٹرک نے ٹریکٹر اور مکسر مشین کو ٹکر ماردی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ٹریکٹر کے پر خچے اڑ گئے اور اس پر سوار سات افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ اتنے ہی دیگر زخمی بھی ہو گئے ۔

انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی پہچان کچھین پوروا کے رہنے والے راکیش ، ڈالپوروا کے رہنے والے گڈو ، اویہرن اور کلو ، نوازی پوروا کے رہنے والے رام چیلا ، ڈبری پوروا کے رہنے والے وکاس اور مڑھیا بابٹ مئو کے رہنے والے اودھیش کے طور پر ہوئی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ شری کشن ، مولک ، دنیش ، نرمل ، سنیل ، راجو اور رام چیلا کوقنوج کے صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ سنیل اور شری کرشن کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے انہیں تروا میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا ہے ۔

About the author

Taasir Newspaper