اترپردیش : بی جے پی ممبر اسمبلی نے ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کو دودھ سے نہلا یا ، پھر پہنایا بھگوا کپڑا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 01-june-2018

امبیڈکر نگر : اترپردیش کے امبیڈکر نگر حلقہ کے ٹانڈا سیٹ سے بی جے پی کے ممبر اسمبلی سنجو دیوی نے ایک نیا تنازع پیدا کردیا ہے۔ ممبر اسمبلی سنجو دیوی نے بابا صاحب بھیم راو امبیڈکر کے مجسمہ کو پہلے دودھ سے نہلایا اور اسے “پوتر “کیا اور پھر بھگوا لباس پہنادیا ۔

جمعرات کو ٹانڈا ممبر اسمبلی سنجو دیوی اور بی جے پی کارکنوں نے علاقہ کے تھرووا کے پاس نصب ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کا “منتر جاپ “کے ساتھ دودھ سے نہلا کر “دودھ ابھیشیک “کیا ۔ اس کےبعد چندن کا ٹیکہ لگاکر بھگوا کپڑا پہنادیا ۔

بی جے پی ممبر اسمبلی کے ذریعہ امبیڈکر کے مجسمہ کو بھگوا کپڑا پہنائے جانے پر بی ایس پی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ بی ایس پی کے سابق ممبر پارلیمنٹ تری بھون دت نے بی جے پی ممبر اسمبلی کی اس حرکت کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے سخت اعتراض کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ امبیڈکر کے نظریہ پر نہیں چلتے ہیں اور یہ سب صرف دکھاوے کیلئے کیا جارہا ہے۔

وہیں بی جے پی ممبر اسمبلی سنجو دیوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مودی کے سوچھ بھارت ابھیان کے تحت پہلے حلقہ میں صفائی مہم چلائی گئی اور پھر ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کو صاف کرکے اس کا “دودھ ابھیشیک “کیا گیا ۔ بھگوا رنگ کے کپڑا پر کہا کہ اسے رنگ کی بنیاد پر سیاست سے نہ جوڑا جائے ، بھگوا کسی خاص مذہب یا پارٹی کا رنگ نہیں ہے ، یہ ایک عام رنگ ہے۔

غور طلب ہے اس سے پہلے بدایوں ضلع میں بی ایس پی لیڈروں کی موجودگی میں امبیڈکر کے مجسمہ کو بھگوا رنگ میں رنگ دیا گیا تھا ۔ تاہم میڈیا میں اس معاملہ کو طول پکڑنے کے بعد پھر سے مجسمہ کو نیلے رنگ میں رنگ دیا گیا۔