اترپردیش کے ان 13 اضلاع میں آج آسکتی ہے تیز آندھی و بارش ، محکمہ موسمیات نے جاری کی وارننگ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 04-june-2018

لکھنو : شمالی ہندوستان کا زیادہ تر حصہ اتوار کو گرمی کی زد میں رہا ۔ محکمہ موسمیات نے اترپردیش کے 13 اضلاع میں کچھ مقامات پر گرد آمیز آندھی اور گرج کےساتھ بوندے پڑنے کی پیشین گوئی کی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو دنوں میں باندہ ، چتر کوٹ ، فتح پور ، ہردوئی ، شاہجہاں پور ، پیلی بھیت ، بریلی ، رام پور ، مرادآباد ، میرٹھ ، بجنور ، مظفر نگر اور سہارنپور اضلاع میں گرد بھری آندھی اور بارش ہوسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست کے کچھ حصوں میں ہلکی بارش کی بھی پیشین گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں کچھ مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوندیں پڑیں ۔ اس دوران بریلی ، مرادآباد، آگرہ اور میرٹھ ڈویزنوں میں دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ۔جبکہ فیض آباد ، بریلی ، لکھنو ، مرادآباد ، میرٹھ ، آگرہ ، وارانسی ، الہ آباد ، گورکھپور اور جھانسی میں یہ نارمل سے کم رہا ۔