امریکہ کی پاکستان کو لتاڑ، کہا تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کرے کارروائی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-june-2018

واشنگٹن۔ امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پومپیو نے ایک مرتبہ پھر پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔

امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیڈر نوئرٹ کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے بدھ کے روز پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر بات کی، جس میں انھوں نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری لانے کے طریقہ کار، افغانستان میں سیاسی اتفاقِ رائے کی اہمیت کے بارے میں بات چیت کی اور جنوبی ایشیا میں تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی پر زور دیا۔

بی بی سی کے مطابق خیال کیا جارہا ہے کہ ان کا اشارہ افغانستان میں کارروائیاں کرنے والے طالبان گروہوں بشمول حقانی نیٹ ورک کی جانب ہے جنھیں امریکی دعوؤں کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقوں میں پناہ دی جاتی ہے۔ واشنگٹن سے بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطحی بات جیت ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب گذشتہ ماہ ایک دوسرے کے سفارتکاروں پر سفری پابندیوں کے سبب امریکہ اور پاکستان کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔ مائک پومپیو نے حال ہی میں امریکی رکن پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ پاکستان میں امریکی سفارتکاروں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا۔

اس سے پہلے امریکہ نے پاکستان کو دی جانے والی فوجی امداد روکنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ نے الزام لگایا کہ پاکستان انتہا پسندوں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کر رہا ہے جبکہ پاکستان ان تمام الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ سال 2018 کا آغاز ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک  ٹویٹ کے ذریعے کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان امریکی سیاستدانوں کو بیوقوف بناتا آیا ہے اور امریکہ نے انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کو اربوں ڈالر کی امداد دی ہے۔ اور پاکستان انہی انتہا پسندوں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کر رہا ہے۔