اننت ناگ میں سکیورٹی فورسز نے 3 جنگجوؤں کو کیا ڈھیر، دو جوان زخمی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-June-2018

جموں ۔کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں سکیورٹی فورسز نے تین جنگجوؤں کو مار گرایا ہے۔سکیورٹی فورسز کو وہاں تین جنگجوؤں کے چھپے ہونے کی اطلا ع ملی تھی جس کے بعد انہوں نے پورے علاقے کا گھیراؤ کر لیا۔اس دوران جنگجوؤں نے خود کو گھرا دیکھ فائرنگ شروع کردی ۔جس کی جوابی کارروائی کرتے ہوئے جوانوں نے بھی فائرنگ کی۔واضح ہو کہ جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم جاری ہے۔ پولیس ترجمان نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ’اننت ناگ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے اور سیکورٹی فورس اہلکار کام میں لگے ہوئے ہیں‘۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے سری گفوارہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے مذکورہ علاقہ میں جمعہ کی علی الصبح تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر فائرنگ کی ۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا ’آخری اطلاع ملنے تک مسلح تصادم جاری تھا‘۔ ایک رپورٹ کے مطابق علاقہ میں دو سے تین جنگجو محصور ہیں۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ علاقہ میں جنگجو حامی احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ بتادیں کہ یہ وادی میں رمضان سیز فائر کی مدت ختم ہونے کے بعد جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان دوسرا مسلح تصادم ہے۔