جموں و کشمیر : شوپیان میں گرینیڈ دھماکہ ، 12 شہری اور 4 پولیس اہلکار زخمی ، سیکورٹی فورسیزپر پتھراو

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 04-june-2018

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے بٹہ پورہ میں پیر کے روز دہشت گردوں کی طرف سے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر کئے گئے گرینیڈ حملے میں 12 شہریوں اور چار پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے۔ گرینیڈ دھماکے کے نتیجے میں ایک لڑکی شدید طور پر زخمی ہوئی ہے ، جس کو علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔

ریاستی پولیس کے ایک ترجمان کہا کہ دہشت گردوں کی طرف سے داغے گئے گرینیڈ کے پھٹنے سے 12 شہری اور چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا ’گرینیڈ سڑک کے کنارے پھٹ گیا ، جس کے نتیجے میں وہاں موجود عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد زخمی ہوگئی۔ ترجمان نے کہا کہ دھماکے میں مبینہ طور پر 12 عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔ ایک جواں سال لڑکی کے شدید طور پر زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ حملے میں چار پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے‘۔

پولیس ترجمان کے مطابق حملے کے سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق تین زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر کے مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سری نگر منتقل کئے گئے زخمیوں کی شناخت فریدہ زوجہ نذیر احمد ساکنہ سیڈو شوپیان، نادیہ دختر نذیر احمد ساکنہ سیڈو شوپیان اور کانسٹیبل جاوید احمد ولد نور دین ساکنہ بارہمولہ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق شوپیان میں گرینیڈ حملے کے بعد کچھ نوجوانوں نے سیکورٹی فورسز پر پتھراؤ بھی کیا ، جس کے بعد طرفین کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔ واضح رہے کہ وادی میں گذشتہ تین روز کے دوران سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر قریب ایک درجن گرینیڈ حملے کئے گئے ہیں ، جن کے نتیجے میں سیکورٹی فورس اہلکاروں کے سمیت قریب دو درجن افراد زخمی ہوئے۔