جموں کے ووٹروں میں بڑھتی ناراضگی کی وجہ سے بی جے پی نے پی ڈی پی سے توڑا رشتہ : ذرائع

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 20-June-2018

بی جے پی نے منگل کو پی ڈی پی کے ساتھ اچانک اپنا اتحاد توڑ کر ہر کسی کو حیران کردیا ۔ نیوز 18 کو ذرائع سے ملی معلومات کے مطابق بی جے پی کو جموں و کشمیر میں اپنے ووٹروں کی بڑھتی ناراضگی کی وجہ سے یہ فیصلہ لینا پڑا۔

نیوز 18 کو ذرائع نے بتایا کہ جموں میں بی جے پی کے ووٹر کافی ناراض تھے، جس کی وجہ سے ریاست میں بی جے پی  لیڈروں کیلئے اپنے اسمبلی حلقہ کا دورہ کرنا بھی مشکل ہوگیا تھا ۔ کچھ ذرائع کا دعوی ہے کہ بی جے پی لیڈروں سے ان کے اسمبلی حلقہ میں اس اتحاد کو لے کر مسلسل سوالات پوچھے جارہے تھے۔

بی جے پی لیڈران کٹھوعہ آبروریزی اور قتل کیس معاملہ میں وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے موقف سے بھی خوش نہیں تھے۔ علاوہ ازیں محبوبہ مفتی چاہتی تھیں کہ وادی میں سیز فائر کو رمضان کے بعد بھی جاری رکھا جائے ، لیکن بی جے پی لیڈران اس کے حق میں نہیں تھے۔ لہذا منگل کو بی جے پی صدر امت شاہ نے جموں و کشمیر کے سبھی بی جے پی لیڈروں کی آرا معلوم کیں اور پھر پارٹی نے حکومت سے الگ ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

قابل ذکر ہے کہ رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر شجاعت بخاری کے قتل کے ایک دن بعد نائب وزیر اعلی نے سی این این نیوز 18 کو بتایا تھا کہ رمضان کے بعد سیز فائر جاری رکھنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔ ان کا بیان اس وقت آیا تھا جب وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ سیز فائر پر ابھی کو فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔